برن پور : برن پور کے کالا جھریا روڈ، عالم نگر میں واقع اسکول آف کمپٹیشن کا سالانہ فنکشن جمعہ کے دن برن پور گردوارہ میدان میں بڑے ہی شاندار طریقے سے منعقد کیا گیا جس میں آسنسول میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی میئر سید وسیم الحق، سیل آئی ایس پی کے سی جی ایم ایم ای شمسی، ہیراپور تھانہ کے افسر انچارج پرسنجیت رائے ،آسنسول کارپوریشن بورو 7 کے مین شیبانند باوری، وارڈ کاؤنسلر و آسنسول جنوبی اسمبلی حلقہ مہیلا ترنم ل کانگریس کی بلاک صدر کہکشاں ریاض ،اسکول ہذا کے سکریٹری احمد اللہ خان، ڈائریکٹر نشا تیواری، پرنسپل سربجیت سوری، اسکول ہذا کے گارجین اوم پرکاش چوبے، کو آرڈینیٹر سنجیو چوبے کے علاوہ اسکول کے ٹیچرس اور ہزاروں کی تعداد میں گارجین و طلباء وطالبات موجود رہے۔ پروگرام کا آغاز مہمانان نے شمع روشن کر کے کیا۔ اسکول کی جانب سے تمام مہمانوں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بیج، گلدستہ اور شال پہنا کر استقبال کیا گیا۔ اس موقعے پر آسنسول کارپوریشن کے ڈپٹی میئر سید وسیم الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج خوشی کا دن ہے کہ اسکول کی جانب سے سالانہ فنکشن میں اتنے گارجین اور طلباء وطالبات شریک ہوئے ہیں۔ آنے والے دنوں میں اعلٰی تعلیم حاصل کرکے ان میں سے کوئی ڈاکٹر، کوئی انجنیر ، کوئی وکیل، کوئی استاد کے عہدے پر پہنچے گے ۔ لیکن طلباء وطالبات کو تعلیم کے ساتھ ساتھ بہتر تربیت حاصل کر کے ایک ایک انسان بھی بننا پڑے گا تبھی وہ قوم، سماج اور ملک کی بہتر طور پر خدمات انجام دے سکیں گے۔ اس فنکشن میں اسکولی طالب علموں نے مختلف النوع رنگا رنگ پروگرام پیش کر کے ناظرین کا دل جیت لیا ۔




















