*الحاج ماسٹر محمد سمیع کا پرتپاک استقبال*
رپورٹ *امتیاز احمدانصاری*
کتنے خوش نصیب ہیں وہ بندے جنہیں اللہ مقدس سفر حج کی توفیق عطا فرماتا ہے اور اسی پاک ذات کی مہربانیوں کے طفیل حج کے تمام ارکان بحسن وخوبی انجام دے کر بخیر وعافیت گھر واپسی بھی ہوتی ہے۔ ایسے ہی خوش نصیب بندوں میں شہر آسنسول سے تعلق رکھنے والی علمی وادبی شخصیت الحاج عبد الجبار(عابد ضمیر)کے لائق فرزند ارجمند الحاج ماسٹر محمد سمیع اختر بھی شامل ہیں جنہیں اللہ نے یہ سعادت بخشی اور اسی سال اپنی اہلیہ کے ہمراہ حج کے فریضہ کی ادائیگی کے بعد گزشتہ دنوں اپنے گھر واپسی ہوئی۔واضح ہوکہ الحاج ماسٹر محمد سمیع اختر بہت گہرا رشتہ آسنسول کا معروف تعلیمی ادارہ تال پوکھریا اردو اسکول سے رہا ہے۔موصوف نے اسی اسکول سے اپنی تدریسی خدمات کا اغاز 1989 میں کیا تھا اور 2023 میں اسی اسکول سے ملازمت سے سبکدوش بھی ہوئے تھے۔ اس بنیاد پر اس اسکول، یہاں کے اساتذہ اور طلباء وطالبات سے گہری انسیت رہی۔ چنانچہ حج بیت اللہ سے واپسی کے بعد بدھ کے دن اپنے پرانے اسکول پہنچے جہاں اساتذہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔اسکول کے ہیڈماسٹر عطاء الرحمٰن انصاری ،سنئیر معلم ماسٹر محمد سلیمان ،ماسٹراشتیاق احمد،ماسٹر محمد ارمان،ماسٹرعبدالاانعام اور شری سدھیر ورما نے مل کر انہیں گلدستہ پیش کیا اور منھ بھی میٹھا کرایا۔ اس موقعے پر جہاں ایک طرف ماسٹر محمد سلیمان نے الحاج ماسٹر محمد سمیع اختر کی بشری خوبیوں اور تدریسی صلاحیتوں کا ذکر کیا وہیں الحاج ماسٹر محمد سمیع اختر نے مقدس سفر حج کی مختصر روداد بھی بیان کئے۔










