برن پور : صنعتی شہر برن پور کے رحمت نگر میں واقع رحمت نگر ہائی اسکول (اردو)ایچ ایس کا 19 واں سالانہ اسپورٹس و تقسیم انعامات کا پروگرام بڑے تزک و احتشام کے ساتھ منعقد ہوا۔پروگرام کاباضابطہ آغاز درجہ یاز دہم کی طالبہ نکہت پروین کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔درجہ دہم کی شمع پروین نے اس کا اردو ترجمہ کیا اور درجہ یاز دہم کی طالبہ نے اسکا انگریزی ترجمہ بھی پیش کیا۔پروگرام میں شامل تمام مہمانوں کو گلدستہ اور شال پیش کر انکا والہانہ استقبال کیا گیا۔موقع پر آسنسول کارپوریشن کے ڈپٹی میئر وسیم الحق، رانی گنج اسمبلی حلقہ کے سابق ایمایل اے و اسکول انتظامیہ کمیٹی کے صدرسہراب علی،اشوک ردرا،سیل آئی ایس پی کے چیف جنرل منیجر محمد احسان شمسی و دیگر موجود رہے۔طلبہ کے ذریعہ مہمانوں کو سلامی دی گئی اور مارچ پاسٹ کیا گیا۔ایم ای شمسی نے اپنی تقریر میں بچوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ آپ ہی میں سے پھر کوئی دوسری ثانیہ مرزا نکلے گی۔انہوں نے کہا کہ طلبہ کے اندر پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کر نے کے لیے اس طرح کے پروگرام کے انعقاد کی ضرورت ہے۔انہوں نے صاف طور پر کہا کہ کسی اور مذہب نے عورتوں کو اتنی آزادی نہیں دی جتنا کہ مذہب اسلام نے عطا کیا۔آج مختلف میڈیا کے ذریعہ اسلام کی تصویر کو مسخ کر کے عوام کے سامنے پیش کیا جارہا ہے اور یہ بتانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ عورتوں کو اسلام نے قید میں رکھا ہے جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔آپ اسلام کامطالعہ کریں گے تو خود معلوم ہوجائے گا کہ اسلام نے عورتوں کو کتنی آزادی اور مساوات کا درجہ دیا ہے۔تاریخ گواہ ہے کہ اسلام کے دائرے میں رہ کر خواتین نے عظیم کارنامہ انجام دیے ہیں۔ مذہب ہمیں آگے بڑھنے سے نہیں روکتا۔انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج لڑکیاں تعلیمی میدان کے ساتھ مختلف شعبہ جات میں کارہائے نمایاں انجام دے رہی ہیں۔مہمانوں کے تاثرات کے بعد بچوں کو انعامات سے نوازا گیا۔اسپورٹس انچارج ریاض احمد خان اور شہر بانو نے ہدیہ تشکر پیش کیا۔پروگرام اختتام قومی ترانہ کے ساتھ ہوا۔اسپورٹس کو کامیاب بنانے میں محمد انتصار خان، امتیاز احمد راشد،حفیظ الرحمٰن،ذوالفقار علی خان و دیگر پیش پیش رہے۔











