کولکتا۔ مغربی بنگال میں لوک سبھا کی سات سیٹوں پر پیر کو انتخابات مکمل ہو گئے۔ شام 5 بجے تک 73 فیصد ووٹنگ کے ساتھ 88 امیدواروں کی قسمت ای وی ایم میں بند ہو چکی ہے۔ ریاستی الیکشن افسر کے دفتر کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ مغربی بنگال میں ووٹنگ کے پانچویں مرحلے میں سات لوک سبھا حلقوں میں سے آرام باغ پارلیمانی حلقہ میں سب سے زیادہ 76.90 فیصد ووٹنگ ہوئی ہے۔ اس کے بعد بنگاؤں میں 75.73 فیصد، اولوبیڑیا میں 74.50 فیصد، ہگلی میں 74.17 فیصد، شری رام پور میں 71.18 فیصد، ہاوڑہ اور بیرک پور میں 68.84 فیصد ووٹنگ ہوئی۔
ووٹنگ صبح سات بجے شروع ہوئی اور شام چھ بجے تک جاری رہی۔ دن بھر مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے ایک ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئیں۔ پولنگ ایجنٹوں کو پولنگ اسٹیشنوں میں داخل ہونے سے روکنے پر آرام باغ حلقہ کے خانکول علاقے میں ترنمول اور بی جے پی کے حامیوں کے درمیان جھڑپ ہوئی۔ سیکورٹی اہلکاروں نے علاقے سے دو دیسی ساختہ بم بھی برآمد کیے ہیں۔