آسنسول ضلع اسپتال کے بلڈ بینک میں خون کی قلت کے پیش نظر پچھم بردوان ضلع پریس کلب کے ذریعہ بدھ کےدن رابندر بھون میں یک روزہ بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔کیمپ کا افتتاح پولس کمشنر سدھیر کمار نیلکانتم نے کیا۔موقع پر آسنسول کارپوریشن کے میئر بدھان اپادھیائے ،ضلع ناظم ایس ارون پرشاد، چیئرمین امر ناتھ چٹرجی،ہری نارائن اگروال،وجے شرما،اگنی کار فاؤنڈیشن کے کرندھیر سوبھک،آسنسول ضلع اسپتال بلڈ بینک کے انچارج سنجیت چٹرجی، آئی این ٹی ٹی یو سی نیتا راجو اہلوالیہ سمیت آسنسول ضلع اسپتال بلڈ بینک سے وابستہ عملہ موجود رہے۔ کیمپ میں ذرائع ابلاغ کے نمایندوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔نامہ نگار کوشک گنتائیت نے کہا کہ ان دنوں آسنسول ضلع اسپتال کے بلڈ بینک میں خون کی کمی دیکھی جارہی ہے۔تھلیسمیا سمیت مختلف امراض میں مبتلا لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اسی پریشانی کو محسوس کرتے ہوئے پچھم بردوان ضلع پریس کلب کی جانب سے یک روزہ خون عطیہ کیمپ منعقد کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کیمپ میں 50یونٹ خون جمع کر نے کا ہدف رکھا گیا ہے۔گنتائیت نے آگے کہا کہ رپورٹر سماج کا ائینہ ہیں۔اپنے فرائض کی ادائیگی کے ساتھ سماجی ذمہ داریوں کو بھی ادا کرنا ضروری ہے۔آج اپنی سماجی ذمہ داریوں کو نبھانے کے لیے رپورٹر آگے آئے ہیں۔انہوں نے دیگر سماجی تنظیموں سے اس کار خیر میں آگے آنے کی اپیل کی۔










