آسنسول : پچھم بردوان ضلع ہیڈ کوارٹر آسنسول کے شمالی اسمبلی حلقہ، ڈاکٹر بی سی رائے روڈ، کے ایس ٹی پی میں واقع مغربی بنگال اردو اکاڈمی آسنسول شاخ میں منگل کے دن ایک پریس کانفرنس ہوئی۔
اکاڈمی کے نو منتخب فعال اور متحرک ممبران شکیل انور اور کہکشاں ریاض خوشی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے اکاڈمی کے ذریعہ آئندہ24 اور25فروری کو منعقد ہونے والی دوروزہ ادبی وثقافتی تقریبات کی تفصیلی جانکاری دی۔ 24فروری بروز سنیچر کا پروگرام 4ادوار پر مشتمل ہے۔ پہلے دور میں افتتاحی و تحنیتی تقریب بوقت 11بجے دن،دوسرے دورمیں کوئز مقابلہ بوقت12دوپہر،تیسرے دور میں ڈراما فیسٹیول دوپہر 2بجے جبکہ چوتھا دور قومی مشاعرہ شام6بجے پر مشتمل ہے۔دوسرے دن یعنی 25فروری کو اسکول کے طلبہ کے لیے سیٹ اینڈ ڈرا مقابلہ دن کے10بجے اس کے بعد تقسیم اسناد کا پروگرام ہے۔
کوئزاور سیٹ اینڈ ڈرا مقابلہ میں حصہ لینے کے لیے اسکولوں کو فارم دستیاب کرائے گئے ہیں۔ کوئز مقابلہ درجہ نہم اور دہم کے طلبہ کے لیے مخصوص ہیں۔ اس کے ساتھ سیٹ اینڈ ڈرا مقابلہ کو 3زمروں میں منقسم کیا گیا ہے۔ اسکول کے مدرسین اعلیٰ اور ذمہ داران سے اپیل کی گئی ہے کہ فارم کی خانہ پری کر کے جلد از جلد مغربی بنگال اردو اکاڈمی آسنسول شاخ میں جمع کریں۔ انہوں نے بتایا کہ بر صغیر ہند و پاک کے نامور بزرگ افسانہ نگار الحاج نذیر احمد یوسفی کواکاڈمی محبوب انور ایوارڈ سے سرفراز کر ے گی۔
پروگرام کی صدارت جناب ندیم الحق وائس چیئر مین مغربی بنگال اردواکاڈمی اور خیر مقدمی کلمات جناب سید محمد شہاب الدین حیدر چیئرمین فنگشن سب کمیٹی مغربی بنگال اردو اکاڈمی کریں گے۔
مہمان خصوصی کے طور پر ریاست مغربی بنگال کے وزیر برائے قانون ملائے گھٹک،مہمان اعزازی شری تاپش بنر جی ایم ایل اے رانی گنج و چیئر مین اے ڈی ڈی اے، مہمان ذی وقار بدھان اپادھیائے میئر آسنسول کارپوریشن و ایم ایل اے بارا بونی،ڈپٹی میئر سید وسیم الحق،شری ابھجیت گھٹک کی شرکت ہوگی۔نظامت کی ذمہ داری ڈاکٹر دبیر احمد چیئر مین ایوارڈ سب کمیٹی اپنے منفرد لب ولہجہ میں نبھا ئیں گے۔
اکاڈمی کی سکریٹری محترمہ نزہت زینب ڈبلیو بی سی ایس (ایگزیکٹیو)مغربی بنگال نے محبان اردو سے شرکت کی اپیل کی ہے۔ آسنسول میں قائم مغربی بنگال اردو اکاڈمی کی کثیر المقاصد عمارت میں اقلیتی طبقہ بالخصوص قوم و ملت کے بچوں کی تعلیمی رہنمائی اور علمی تشنگی بجھانے کے مقصد سے ایک وسیع و عریض لائبریری ”جہانِ کتب“ کے نام سے کھولی گئی ہے۔
اعلیٰ تعلیم حاصل کر نے والے طلباء و طالبات اس لائبریری سے فیض اٹھا سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں مقابلہ جاتی امتحانات خاص طور سے سول سروس امتحان (ڈبلیو بی سی ایس) کی تیاری کے لیے مفت کوچنگ کا بھی انتظام ہے۔ افسوس کہ بچوں کی عدم دلچسپی کی وجہ کر اس سلسلہ کو وقتی طور پر موقوف کردیا گیا۔ آسنسول شمال اور جنوب سے نو منتخب جرنل کاؤنسل اور گوورننگ باڈی کے نو منتخب ممبران سے اردو داں طبقہ کو بڑی امیدیں وابستہ ہیں کہ اکاڈمی کے توسط سے وہ قوم و ملت کے بچوں کی تعلیمی رہنمائی میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔ اس کی جھلک دیکھنے کو بھی مل رہی ہے کہ ذمہ داری سنبھالتے ہی دونوں فعال ممبران بجلی کی تیزی کے ساتھ اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں مصروف نظر آرہے ہیں۔