آسنسول : ہماچل پردیش کے منڈی لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ اور بالی ووڈ اداکارہ کنگنا راناوت کی فلم ایمرجنسی پر تنازعہ رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔سکھ تنظیموں نے اس فلم پر پابندی لگانے کامطالبہ کیا ہے۔سکھ تنظیموں کاکہنا ہے کہ کنگنا راناوت کی اس فلم میں سکھ فرقے کےتئیں نازیبااور قابل مذمت ڈائیلاگ ہیں۔فلم میں سکھ کردارکی غیرمناسب تصویرکشی اور تاریخی واقعات کو توڑمڑوڑ کر پیش کرنا نہ صرف غلط ہے بلکہ یہ سکھوں کے جذبات مجروح کرنے والے ہیں۔اسی درمیان آسنسول کے برنپور گردوارہ پربندھک کمیٹی کی جانب سے جمعرات کے دن پچھم بردوان ضلع ناظم کوتحریری عرضداشت سونپا گیا اور کنگنا کی فلم ایمرجنسی پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا گیا۔واضح ہوکہ کنگناراناوت کی فلم ایمرجنسی سنیما گھروں میں ریلیز ہونے سے پہلے ہی تنازعہ میں گھرگئی ہے۔اس فلم کو لے کر سکھ برادری نے مخالفت جتائی ہے اور اسے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والا بتانے کاالزام لگایا ہے۔اسی لئے سکھ بھائیوں نے اس پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔برنپورگردوارہ پربندھک کمیٹی کے سکریٹری سریندر سنگھ نے بی جے پی رکن پارلیمنٹ اور فلم اداکارہ کنگناراناوت کی فلم ایمرجنسی کی بائکاٹ کرنے کااعلان کیا ہےاور حکومت سے گذارش کی ہے کہ اس فلم پر پابندی لگائی جائے۔یہ فلم 6ستمبر کو سلوراسکرین پر ریلیز ہونے کے لئے تیار ہے۔یہ فلم ملک کے سابق وزیراعظم انجہانی اندراگاندھی کی زندگی پر فلمائی گئی ہےاور کنگنا اس فلم کی مرکزی کردار میں نظرآئیں گی۔فلم کے دوسرے ستاروں میں انوپم کھیر،مہیماچودھری،ملند سوہن سمیت کئی اہم اداکار ہیں۔۔۔ 















