آسنسول میونسپل کارپوریشن وارڈ نمبر 82 کے رحمت نگر پل سے چابی موڑ تک خستہ حال سڑک کی مرمت اور تزئین وآرائش کے کام کا آغاز جمعرات کے دن آسنسول کے میئر بدھان اپادھیائے، ڈپٹی میئر سید وسیم الحق اور رانی گنج کے سابق ایم ایل اے سہراب علی نے مشترکہ طور پر کیا۔ اس موقع پر سہراب علی نے پروگرام کی نظامت کرتے ہوئے کہا کہ کارپوریشن کے ذریعہ ترقیاتی کام تیزی کے ساتھ انجام دیا جارہا ہے۔ رحمت نگر پانچل میں ڈرین کا کام چل رہا ہے۔ اب وہاں کوئی ڈرین کچا نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس مین روڈ کا کام بہت پہلے ہوجاتا لیکن پائپ لائن اور انڈر گراؤنڈ بجلی کے کام کے مکمل ہونے کا انتظار کیا جارہا تھا۔ اس درمیان عام لوگوں کے آمد ورفت میں کچھ دشواری ہوئی ہے۔ اب راستہ کے تعمیر مکمل ہوتے ہی پریشانی بھی دور ہوجائے گی ۔ انہوں نے میئر بدھان اپادھیائے اور ڈپٹی میئر سید وسیم الحق کے ساتھ تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا کہ مسلسل بارش کے باوجود سبھوں نے پروگرام میں شرکت کر کے پروگرام کو کامیابی سے ہم کنار کیا۔ میئر اور ڈپٹی میئر نے بھی اپنی تقریر میں کارپوریشن کے ذریعہ ترقیاتی کاموں کا ذکر کیا۔ واضح ہوکہ مذکورہ راستے کے کام کا ٹنڈر کل 28 لاکھ 79 ہزار 119 روپئے کا ہے۔ اس پروگرام میں رحمت نگر اردو ہائی اسکول کے ہیڈ ماسٹر انتصار خان، سابق ٹی آئی سی حفیظ الرحمٰن ، شہزاد سمیع، غلام دستگیر، حیدر امام و دیگر خاص لوگوں کے علاوہ کافی تعداد میں مقامی افراد موجود رہے۔

















