خون کاکوئی مذہب نہیں ہوتا ،اس کاہرقطرہ کسی ضرورت مند انسان کی زندگی بچانے کے کام آتا ہے۔حیرت انگیز طور پر یہ کسی کارخانے میں پیدا نہیں ہوتا بلکہ قدرت نے اسے انسانی جسم میں پیدا کرنے کاانتظام کررکھا ہے۔قدرت کایہ بھی کمال ہے کہ ایک انسان کے دل میں بلاتفریق مذہب وملت دوسرے انسان کی ہمدردی اور اس کے تیئں درد کا جذبہ بھی عطا کیا ہے۔کچھ انسانوں کے دلوں میں انسانیت کی خدمت کا جذبہ دوسروں سے کہیں زیادہ رکھا ہے جس کے نتیجے میں کہیں انفرادی اور کہیں اجتماعی طور پر ایسے لوگوں کی خدمت انسانیت ابھر کر سامنے آتی ہے۔ایسا ہی نظارہ اتوار کے دن آسنسول اسٹیشن کے دونمبر پلیٹ فارم پر دیکھنے کو ملا جب آسنسول ٹکٹ چیکنگ اسٹاف نے اپنے فرائض منصبی ادا کرنے کے ساتھ انسانیت کی خدمت کرنے کے مقصد سے خون عطیہ کیمپ کاانعقاد کیا۔اس کیمپ کے ایک فعال رکن محمد زاہداختر(سی آئی ٹی )نے بتایا کہ آسنسول ٹکٹ چیکنگ اسٹاف کی جانب سے مسلسل چاربرسوں سے خون عطیہ کیمپ کاانعقاد کیا جارہا ہے۔اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے آج بھی یہ کیمپ آسنسول ڈیویژن کے ڈی آر ایم،اے ڈی آر ایم،سنئیر ڈی سی ایم،اے سی ایم سی اے،اے سی ایم ٹی سی کے علاوہ تمام کمرشیل سی ٹی آئی،سی آئی ٹی،ٹی ٹی آئی،ٹی ٹی ای اور ٹی ای کی نہ صرف سرپرستی رہی بلکہ سبھوں نے کیمپ میں اپنی شرکت بھی درج کرائی۔اے سی ایم سمیت کل 35لوگوں نے خون عطیہ کیا ۔تمام خون عطیہ کرنے والوں کو موقع پر موجود مہمانوں کے ہاتھوں سرٹیفکٹ اور مومنٹو پیش کیا گیا۔اس کیمپ سے حاصل ہونے والے خون کو آسنسول ضلع اسپتال کے بلڈ بینک کے ٹیکنیشین کے حوالے کردیا گیا۔انہوں نے آسنسول ریلوے ڈیویژن کے تمام افسران اور سنئیر وجونئیر ساتھیوں کا آسنسول ٹکٹ چیکنگ اسٹاف کی جانب سے ان کے بالواسطہ یا بلا واسطہ تعاؤن کا شکریہ بھی ادا کیا۔

















