آسنسول : سید محمد افروز کو مغربی بنگال ترنمول کانگریس اقلیتی سیل کے سکریٹری بنائے جانے کی خوشی میں آسنسول کارپوریشن کے تحت وارڈ58میں بدھ کی شام کانسلرسنجے نونیا نے اپنے دفتر میں شایان شان استقبالیہ دیا۔ کانسلر سنجئے نونیا اور سابق کانسلر و وارڈ پریسیڈنٹ روہت نونیا اور ونود ساؤ نے انہیں شال پہنا کر اور گلدستہ پیش کر توقیر بخشی۔بعد ازاں دیون میموریل کلب کی جانب سے سکریٹری دھر م ویر نو نیا اور نائب صد ر سنجئے نونیا کے ساتھ دیگر ممبران نے انہیں شال اور گلدستہ پیش کیا۔ مسجد کمیٹی کی جانب سے سکریٹری سید شاہد انور اور ٹی انصاری نے بھی سید محمد افروز کو شال کا نذرانہ پیش کر انہیں مبارک باد دی۔ موقعپر سابق کانسلر روہت نونیا نے کہا کہ سید محمد افروز کو ترنمول اعلیٰ قیادت نے ریاستی اقلیتی سیل کا جنرل سکریٹری نامزد کیا ہے۔ ہم لوگ فخر محسوس کر رہے ہیں کہ آسنسول شہر سے ہمارے ایک بھائی کو ریاستی سطح پر نمائندگی ملی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آسنسول کے مسائل اور ہماری باتیں وہ ریاستی کمیٹی تک پہنچائیں گے۔ ہمارے مسائل اور ہماری آواز ریاستی سطح تک نہیں پہنچ پارہی تھی۔ اب ممکن لگ رہا ہے۔ ہم سب سید محمد افروز کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وہیں سید محمد افروز نے کہا کہ ترنمول اعلیٰ قیادت نے مجھے اس قابل سمجھا کہ ایک بڑی ذمہ داری میرے کاندھوں پر ڈالی۔ مجھے لوگوں کی محبت مل رہی ہے۔ سید افروز نے کہا کہ آسنسول کارپوریشن کے تحت یہ واحد وارڈ ہے جہاں سے ترنمول کانگریس کو اکثریت ملتی ہے۔اس وارڈ کو سجانے اور سنوارنے میں روہت نونیا نے اہم رول ادا کیا ہے۔یہاں تمام مذاہب کے لوگ مل جل کر ترنمول کو مضبوط بنانے کی کوشش میں جٹے ہیں۔ موقع پر وارڈ63کے کانسلر سلیم اختر اور سراج راجداں بھی موجود رہے۔




















