دُرگا پور کے کمل پور کے قریب واقع ایک پرائیویٹ اسپنج آئرن فیکٹری میں خوفناک حادثہ پیش آیا ہے۔ گرم سلیگ کے اچانک اچھل کر گرنے سے ٹھیکہ مزدور نَوین کمار، عمر 27 سال، موقع پر ہی جھلس کر جاں بحق ہو گیا جبکہ پانچ دیگر مزدور شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں۔ اس دل سوز واقعے کے بعد پورے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔
متوفی نَوین کمار کا تعلق بہار کے ضلع نالندہ سے تھا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق منگل کی رات کی شفٹ کے دوران وہ دیگر مزدوروں کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہے تھے کہ اچانک لیڈل سے گرم سلیگ کے اچھل کر گرنے کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔ زخمی مزدوروں کو فوری طور پر بیدھان نگر کے ایک ملٹی سپر اسپیشلٹی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جبکہ نَوین کمار کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے دُرگا پور سب ڈویژنل اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔
حادثے کی خبر موصول ہوتے ہی دُرگا پور تھانے کی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ اس دَوران ترنمول کانگریس کی مزدور تنظیم نے سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑے ہونے کا یقین دلایا ہے۔ تنظیم کی دُرگا پور کور کمیٹی کے رکن بنٹی سنگھ نے کہا کہ ’’ایک ٹھیکہ مزدور کی موت ہوئی ہے جبکہ کئی زخمی حالت میں اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ ہم یہ یقینی بنائیں گے کہ متوفی کے خاندان کو مناسب معاوضہ ملے اور اس کے ایک اہل خانہ کو ملازمت فراہم کی جائے۔ ساتھ ہی فیکٹری کے مستقبل کے تحفظاتی انتظامات کو بھی مستحکم کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔‘‘








Post Views: 88










