برن پور : تعلیم روح کی غذا ہے اور اسپورٹس صحت مند رہنے کی ضمانت ہے۔ تعلیمی ادارے طالب علموں کو بہتر تعلیم و تربیت کے ساتھ اسپورٹس کا بھی انعقاد کرے کیونکہ صحت مند جسم ہی اعلٰی تعلیم حاصل کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے ۔ان دونوں خوبیوں کے ساتھ رحمت نگر کے نئی بستی، روڈ نمبر 7 میں واقع ماڈرن نیشنل اکاڈمی انتظامیہ طالبعلموں کو آراستہ و پیراستہ کرنے میں منہمک ہے۔ منگل کے دن اسکول ہذا کا تیسرا سالانہ فنکشن و اسپورٹس کا انعقاد نئی بستی موڑ ، ٹیپو سلطان میدان میں کیا گیا جس میں بطور مہمانان رحمت نگر ہائر سکنڈری (اردو) کے سابق ہیڈ ماسٹر جمال الناصر خان ، ماسٹر انوار عالم، انجنئر خورشید غنی، خالق ادیب، عزیز احمد عزیز و دیگر رونق اسٹیج رہے۔ تقریب کی صدارت سید غلام ربانی نے فرمائی جبکہ نظامت رحمت نگر ہائر سیکنڈری اسکول(اردو)کے ہیڈ ماسٹر محمد انتصار خان نے انجام دئیے۔ پروگرام کا آغاز غلام الثقلین ساقب ، پرنسپل اسکول ہذا کے تلاوت کلام پاک سے کیا گیا ۔بعد ازاں مہمان خصوصی جمال الناصر خان کے ہاتھوں اسکول کا پرچم لہرایا گیا ۔اسکولی طالب علموں نے اسکول ترانہ پیش کیا۔ افتتاحی کلمات اسکول ہذا کے بانی امتیاز احمد راشد نے ادا کئے۔ اسکول کے طالب علموں نے رنگا رنگ ڈرل، ایکشن گیت کے علاوہ چاکلیٹ ریس، نارنگی ریس ، اسپون و ماربل ریس، ارتھمیٹک ریس ایپل ریس و دیگر ایونٹ پیش کر کے سامعین اور گارجین حضرات کا دل جیت لیا۔ اسپورٹس میں حصہ لے کر اول، دوم اور سوم مقام حاصل کرنے والوں کو انعامات دیے گۓ ۔اس موقعے پر جمال الناصر خان ، نشاط احمد دیوانہ اور اپنی ذہانت سے رانی گنج باشندہ نور الاسلام کی لخت جگر 4 سالہ آیت زارا نے بک آف ورلڈ میں اپنا نام درج کرانے پر اسکول انتظامیہ کی جانب سے مندرجہ بالا تینوں افراد کو فخر ملت ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ شکریہ کے کلمات اسکول کی ڈائریکٹر شاہین پروین نے ادا کئے اور سید غلام ربانی سانوی نے صدارتی خطبہ کے بعد مذکورہ پروگرام کے اختتام کا اعلان کیا۔