*امتیازاحمدانصاری*
ویسٹ بنگال کونسل آف ہائیرسکنڈری ایجوکیشن کے تحت ہونے والے ہائیرسکنڈری امتحان کےنتائج امتحان مکمل ہونے کے 57 دنوں کے اندر بدھ کی دوپہر شائع کردئیے گئے.کونسل کے صدر نے دوپہر کے ٹھیک بارہ بجے ایک پریس کانفرنس کے ذریعہ نتیجے کااعلان کرتے ہوئے بتایا کہ سال رواں میں ریاست بھر سے کل 8,24,891طلباوطالبات امتحان میں شامل ہوئے تھے جن میں سے 7,37,807طلبہ کامیاب ہوئے اور اس طرح کامیابی کی فیصد %89.25رہی.موصوف نے ٹاپ ٹین کی فہرست بھی جاری کی.اس فہرست کے مطابق جنوبی چوبیس پرگنہ کے نریندرپور آر کےمشن ودیالیہ کا طالب علم شبھرانگسو سردارنے 500میں 496مارکس کے ساتھ سرفہرست ہیں جبکہ ششما خاں اور ابوشمع نے 495مارکس حاصل کرکے ریاستی سطح پر دوسرامقام حاصل کیا ہے.
کونسل کے صدر نے یہ بھی اعلان کیاکہ اس پریس کانفرنس کے فوراً بعد طلبہ امتحان کانتیجہ آن لائن دیکھ سکیں گے جبکہ اسکولوں کومارکس شیٹ ودیگر دستاویزات آئندہ 31مئی کوانکے ذمہ داروں کے حوالے کئے جائیں.ان حالات میں اسکول کےذمہ داران اپنے اسکول کے نتائج کے سلسلے سےبہت حد تک اندھیرے میں ہیں.طلبہ چونکہ انفرادی طور پر آن لائن اپنے نتائج دیکھ کے اسکولوں کےاساتذہ تک خبر پہنچارہے ہیں.اس لئے اسکول کے ذمہ داران اپنے اسکول کاحتمی نتیجہ بتانے سے قاصر ہیں.پوری ریاست کے ساتھ پچھم بردوان ضلع کےاردومیڈیم سمیت تمام میڈیم کےاسکولوں کی اسی مجبوری کے بناپر آسنسول واطراف کے تمام اردومیڈیم اسکولوں کے ہائیر سکنڈری کےمکمل نتائج پیش کیاجانااس وقت ممکن نہیں.مبارکباد کےمستحق ہیں برنپور رحمت نگر ہائی اسکول اردو(ایچ ایس)اور رانی گنج انجمن اردوگرلس ہائی اسکول کے ہیڈماسٹر اور ہیڈمسٹریس جنہوں نے ان حالات میں بھی اپنے اسکول کے ہائیرسکنڈری امتحان کے نتیجے کامکمل ڈاٹا فراہم کرایا ہے.رحمت نگر ہائی اسکول اردوایچ ایس کے ہیڈماسٹر انتصار خان نے بتایا کہ انکے اسکول سے امسال کل 183طلباوطالبات امتحان میں شامل ہوئے تھے جن میں 150کامیاب ہوئے اور اس طرح انکے اسکول کے طلبہ کاکامیابی کا گراف %82رہا.دوسری طرف رانی گنج انجمن اردوگرلس ہائی اسکول کی معاون معلمہ عشرت آرا کے مطابق اس اسکول سے کل 171طالبات امتحان میں شامل ہوکر 104کامیاب ہوئی.گویا کامیابی کی فیصد %62.5رہی.اخبار مشرق کےنمائندہ خصوصی نے اپنے طریقے سے مختلف اسکولوں کےہیڈماسٹر,معاؤن مدرس اور طلبہ وانکےگارجین سے رابطہ قائم کرکے اب تک جومعلومات اکٹھا کرنے میں کامیاب ہوئے اسکی روشنی میں کہا جاسکتا ہے کہ مدھیامک کے بعد ہائیرسکنڈری امتحان میں بھی اس ضلع کے اردومیڈیم طلبہ کے درمیان اپنی بہتر کارکردگی کی بنا پر لڑکیوں نے ہی بازی ماری ہے.
اب تک کی حاصل شدہ جانکاری کے مطابق برنپور کے رحمت نگر ہائی اسکول اردو(ایچ ایس)کی طالبہ ارم آفرین بنت صابرخان نے مجموعی طور پر 461نمبر حاصل کرکے اپنے آپ کو اردومیڈیم طلبہ کے درمیان ممکنہ ضلع ٹاپر کی فہرست میں شامل کرلیا ہے. کلٹی ملت گرلس ہائی اسکول کی سائنس اسٹریم کی طالبہ کائنات منصور بنت محمد منصور اور انجمن اردوگرلس اسکول کی طالبہ انائزہ ممتاز نے 452مارکس کے ساتھ دوسرے نمبر پر جبکہ انجمن اردوگرلس کی دوطالبہ اریبہ سیف اور ناہیدہ حسن 450مارکس کے ساتھ تیسرامقام حاصل کیا ہے.رانی گنج اردو ہائی اسکول کا طالب علم محمدارشد انصاری نے 448,آسنسول رحمانیہ ہائیرسکنڈری اسکول کاطالب علم طلحٰہ امتیازاور رحمت نگر اقبال اکاڈمی انڈال کی طالبہ بشریٰ تبسم نے 443 کے ساتھ پانچواں مقام حاصل کیا ہے.علاوہ ازیں انجمن اردوگرلس اسکول کی مسکان خاتون 440,رحمت نگر اقبال اکاڈمی کی نوشابہ پروین 439,برنپور رحمت نگر ہائی اسکول کی نازیہ خاتون اورعلیشہ انصاری نے بالترتیب 437اور 433, اقبال اکاڈمی انڈال کی عارفہ خاتون 432,کلٹی ملت اسکول کی نورفاطمہ 417 اور آسنسول عیدگاہ ہائی اسکول کاطالب علم محمد نسیم انصاری 415نمبروں سے کامیاب ہوئے.








