آسنسول کارپوریشن کے تحت وارڈ 98 کی فعال و متحرک خاتون کانسلر کہکشاں ریاض خوشی اور بورو 7کے چیئرمین شیوا نند باءوڑی نے آج مشترکہ طور پر وارڈ 98کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے علاقہ میں صاف صفائی اور پانی کے جماؤ پر خصوصی توجہ دی۔کارپوریشن علاقہ کو ڈینگو کے قہر سے بچانے کے لیے جنگی پیمانے پر کام کیے جارہے ہیں۔اپنے دورے کے دوران شیوا نند باؤری، کہکشاں ریاض،آئی سی ڈی ایس انچارج رضیہ خاتون و چندن نے دھرم پور سمیت دیگر علاقوں کا معائنہ کیا۔ بورو چیئرمین میں شیوا نند باؤری نے کہا کہ آسنسول کارپوریشن کی جانب سے ڈینگو کی روک تھام کے لیے قدم اٹھائے جارہے ہیں۔علاقہ کی صفائی کے ساتھ جراثیم کش دواؤں کا چھڑکاؤ کیا جارہا ہے۔وارڈ 98 کی کاؤنسلر کہکشاں ریاض خوشی نے کہا کہ آسنسول بلدیہ اپنی سطح سے بھر پور کوشش میں جٹی ہے کہ علاقہ کو ڈینگو کے لاروا سے محفوظ رکھا جائے۔اس کے لیے جنگی پیمانے پر صاف صفائی کے ساتھ اسپرے کا کام کیا جارہا ہے۔ کاؤنسلر صاحبہ نے علاقہ کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں کی نالیوں میں تھوڑا کراسن تیل ڈال دیا کریں تاکہ ڈینگو کا لاروا پنپ نہ سکے۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ مذکورہ وارڈ میں کچھ علاقہ سیل کے ماتحت ہیں۔انہوں نے سیل انتظامیہ سے فون پر بات کی اور علاقہ کی صفائی کی جانب انکی توجہ مبذول کرائی ۔ انہوں نے بتایا کہ انکے فون کے بعد ہی آج صبح سے دیکھا جارہا ہے کہ سیل کے صفائی عملہ صفائی مہم میں جٹے ہیں۔ جھاڑیوں کی صفائی کی جارہی ہے۔کہکشاں ریاض خوشی نے کہا کہ سیل اور کارپوریشن مشترکہ طور پر صفائی مہم چلاکر اس مہلک مرض کے پھیلاؤ پر قابو پاسکتا ہے۔انہوں نے لوگوں سے گزارش کی کہ اپنے اطراف کے علاقہ کو صاف ستھرا رکھیں اور صفاءی عملہ کا انکے کام میں بھر پور تعاون کریں۔انہوں نے بتایا کہ وارڈ 98سے مہم کا آغاز ہوا ہے۔بورو 7کے تحت 14وارڈوں میں اس طرح سے معائنہ کیاجائے گا اور صاف صفائی پر نگرانی رکھا جائےگی۔