آسنسول 7 دسمبر : رانی گنج شہر میں واقع حضور غوث بنگالہ کی درگاہ شریف میں آل انڈیا ترنمول کانگریس کور کمیٹی کے رکن اور بنگیا سنکھیا لگھو بودھی جیوی منچ کے ریاستی صدر پروفیسر شیخ وعظ الحق نے چادر پوشی کی۔ اس موقع پر ان کے ساتھ رانی گنج بورو 2 کے چیئرمین مزمل شہزادہ،محمد عرفات سمیت ترنمول کانگریس کے تمام اراکین موجود تھے۔ اس موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پروفیسر شیخ وعظ الحق نے کہا کہ آج یہاں آ کر انہیں بہت خوشی ہو رہی ہے اور یہاں پر پوری ٹیم کے اراکین موجود ہیں، سب سے مل کر انہیں بہت خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنگیا سنکھیا لگھوں بودھی جیوی منچ کے جو صدر تھے، ان کا حال ہی میں انتقال ہوگیا تھا، وہ اس وقت کولکاتا میں نہ ہونے کی وجہ سے یہاں نہیں آ سکے تھے، لیکن آج جب وہ یہاں آئے ہیں تو ان کی قبر پر بھی فاتحہ و دعائے مغفرت کے لئے گئے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ ابھی بہار سے آ رہے ہیں اور بہار اور جھارکھنڈ میں بھی تنظیم کی شاخیں کھولنے پر بات چیت کی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ آئندہ 29 جنوری کو کولکاتا کے رانی راش منی روڈ پر تنظیم کی طرف سے ایک ریلی نکالی جائے گی، جس کے ذریعے انتخابات میں ای وی ایم کے بجائے بیلٹ پیپر سے کرنے کی مانگ رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے انتخابات ہوں گے تو مرکزی حکومت کی بی جے پی کو کبھی ہٹایا نہیں جا سکے گا کیونکہ اس میں دھاندلی کی جاتی ہے۔ اس لیے بیلٹ پیپر کے ذریعے انتخابات کروانے کے لیے 29 تاریخ کو کولکاتا میں عظیم ریلی اور اجلاس کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں اس علاقے کے تمام ترنمول کانگریس کارکنوں اور بنگیا سنکھیا لگھوں بودھی جیوی منچ کے ارکان کو شامل ہونے کے لیے کہا گیا ہے۔















