8/ ستمبر بروزِ یکشنبہ ( اتوار) 8/ بجے دن درگاپور ایم،اے،ایم،سی مدرسہ فیضانِ مصطفٰے کے طلبہ وطالبات نےحضرت مولا محمد علیم الدین فیضی الرضوی خطیب وامام ایم،اے،ایم،سی جامع مسجد وصدر مدرس مدرسہ ھٰذا درگاپورکی صدارت میں بسلسلۂ یومِ اساتذہ ایک علمی، تہذیبی اور ثقافتی پروگرام کاانعقاد کیا۔ اس موقع پر مولانا محمد علیم الدین فیضی الرضوی نے مدرسہ ھٰذاکے طلبہ وطالبات کے روبرو علم کی اہمیت وافادیت اور فضیلت پر پرُ مغز خطاب فرمایا ۔ مولانا محمدعلیم الدین فیضی الرضوی نے فرمایا کہ رسول اکرم ﷺ کا ارشادِ عظیم ہے ، علم کا حاصل کرنا تمام مسلمان مردوعورت پر فرض ہے۔ آقاکریم ﷺ کا ارشادِ گرامی ہے علم حاصل کرو اگرچہ تمہیں چین جاناپڑے ۔ دین کا علم اتنا ناگزیرہے جس کے ذریعےانسان اپنی مکمل زندگی گزارسکے جس کے ذریعے ہمیں معلوم ہوسکے کہ کیا جائزہے اور کیاناجائزہے کیاحلال ہے اورکیاحرام ہے۔ہمارا کونسا عمل رب کو راضی کریگا اور کس عمل سے رب ناراض ہوگا۔ اتناعلم حاصل کرناہر مسلمان پرفرض ہے۔ جوشخص دین کاعلم حاصل کرتاہےاور علم حاصل کرنےکےلئے کسی راہ پر چلتاہے ایسے شخص کے لئے ھادئ اعظم ﷺ نے بہت ہی فضیلتوں اور انعامات کا ذکر فرمایا ہے حضوراکرم ﷺ کا ارشادِ اعظم ہے جو شخص بھی حصولِ علم کےلئے کسی راہ پر چلتاہے تو اللہ رب العزت اس کے لئے جنت کا راستہ آسان کردیتاہے ۔ جنت کا حصول اتنا آسان نہیں ہے جنت حاصل کرنے کےلئے بہت دشواریوں ، کٹھنائیوں اوردشوارگزارگھاٹیوں سے گزرنا پڑتاہے تاہم علم ہی وہ واحد ذریعہ ہے جس سے تمام دشواریاں اور کٹھنائیاں آسان ہوتی چلی جاتی ہیں ۔ ہادئ اعظم ﷺ کا فرمانِ عالیشان ہے ، علم حاصل کرنےوالے شخص کے لئے فرشتے اپنےپروں کو بچھادیتے ہیں اور زمین وآسمان کے درمیان رہنےوالی ہر مخلوق یہاں تک کہ دریاؤں کی مچھلیاں علم حاصل کرنے والےکے لئے دعائے مغفرت کرتی ہیں ۔
مولانا موصوف نے مزید فرمایا کہ والدین دنیاوی ماں باپ ہوتےہیں اور استاذ روحانی باپ ہوتے ہیں ۔ اپنےاستاذ کی عزت کرو کیونکہ یہ وہ ایسی عظیم ہستی ہیں جو تمہیں اندھیرے سے نکال کر روشنی عطاکرتے ہیں
اس حوالےسے کچھ دیرتک مولانا موصوف طلبہ وطالبات کےدرمیان خطاب فرماتے رہے ۔ اس موقع پر اتحادالمسلمین کمیٹی کے کارکنان ، سماجی ومعاشرتی حضرات بھی موجود رہے۔ مدرسہ ھٰذاکے طلبہ وطالبات نے مولانامحمد علیم الدین فیضی الرضوی کو تحفےبھی پیش کئے۔ صلٰوةوسلام اور مولانا محمدعلیم الدین فیضی الرضوی کی رقت آمیز دعاؤں پر پروگرام کا اختتام ہوا

















