رمضان المبارک جیسا مقدس اور بابرکت مہینہ جس کا شدت سے انتظار مومن کیا کرتے ہیں ،عنقریب سایہ فگن ہونے کو ہے۔ اللہ کے اس خاص مہمان کےشایان شان استقبال اوراللہ کے وہ خوش نصیب بندے جنہیں حج جیسی عظیم عبادت کی سعادت حاصل ہونے والی ہے، ان خوش نصیب عازمین حج کے لئے بہت ہی معیاری حج تربیتی پروگرام کاانعقاد اتوار کے دن آسنسول کے رابندر بھون میں کیا گیا۔ آسنسول کارپوریشن کے ڈپٹی مئیر اور آسنسول انمول ویلفئیر سوسائٹی کے روح رواں سید وسیم الحق کےذریعہ منعقدہ اس پروگرام میں پچھم بردوان ضلع کے 150سے زائد عازمین حج کی شرکت ہوئی وہیں ریاستی وزیر برائے قانون ومحنت مولائے گھٹک، ایم ایم آئی سی گروداس چٹرجی ،کارپوریشن کے قانونی مشیر ربیع الاسلام، ترنمول اقلیتی سیل کے صدر محفوظ الحسن،کونسلر سمپا داں،الحاج محمد اسرار سمیت سال گزشتہ میں حج وعمرہ کی سعادت حاصل کرنے والوں کی بھی اچھی خاصی تعداد بھی موجود رہی۔ڈپٹی مئیر سید وسیم الحق نے افتتاحی کلمات کے دوران تمام عازمین اورمہمانان کا شکریہ ادا کیاوہیں اس پروگرام کو کامیابی کی اس منزل تک پہنچانے میں سوسائٹی کے کارکنان کی محنت اور کوششوں کی ستائش کی۔ ادھر ریاستی وزیر مولائے گھٹک نے اس طرح کے کامیاب اور بامقصد پروگرام کے انعقاد پر وسیم الحق کی تعریف کی وہیں ان عازمین کے حج سے واپسی کے بعد ان کے اعزاز میں بھی پروگرام کرنے کی اپیل کی۔ موصوف نے سال رواں میں حج کے سفر پر روانہ ہونے والوں میں آسنسول کے سب سے کم عمر20 سال کے عازم اکرمہ اور دو بزرگ خاتون(عمر 85برس) کو خصوصی مبارکباد پیش کیا اور سبھوں سے اس پاک اور مقدس سرزمین پر ملک کی امن وسلامتی کے لئے دعائیں کرنے کی گذارش کی۔ موقعے پر نورانی مسجد کے امام وخطیب مولانا امدادللہ رشیدی ،سنکتوڑیہ جامع مسجد کے امام وخطیب مفتی سخاوت ،جواں سال عالم دین مفتی عامر کمال نے استقبال رمضان اور حج کے تعلق سے قیمتی باتیں بتائیں۔پروگرام کاآغاز مفتی عامر کمال کے تلاوت کلام پاک سے ہوا۔





بعدازاں ابوفیضان نے حمد کے ساتھ نعت پاک پیش کیا۔حافظ محمد شہنواز، حافظ سہیل اور ماسٹر زین العابدین نے بھی نعت رسول کا نذرانہ پیش کیا۔ تربیت حج کےدور میں پچھم بردوان ضلع حج کوآرڈینیٹر حاجی کوثرامام نے18×12فٹ کے ایل ای ڈی اسکرین کے ذریعہ کولکاتہ ائیر پورٹ سےمقدس سفر حج کی شروعات سے لے کر سرزمین مکہ ومدینہ میں قیام ،ارکان حج کی ادائیگی اور واپس کولکاتہ ائیر پورٹ تک پہنچنے تک کی تمام تفصیلات اسکرین پر چلتی ہوئی تصاویر کی مددسے بیان کئے۔ ان کے رفقاء خاص اختر ،ڈاکٹر ذیشان الٰہی ، حاجی محمد ندیم اختر ،حاجی محمد مختار انصاری ،حاجی قمر الزماں ،حاجی محمد شہنواز ودیگر نے ان کی بھرپور معاونت کی۔ اس کامیاب پروگرام کااختتام مفتی محمد شخاوت کی رقت آمیز دعاؤں پر ہوا۔ پروگرام کو کامیاب بنانے میں سید وسیم الحق کے علاؤہ انمول ویلفئیر سوسائٹی کے خورشید ادیب ،ندیم اقبال،مسیح الرحمٰن ،ڈاکٹر انیس الرحمٰن ،ماسٹر محمد سلیمان،امان اللہ خان،محمد شکیل،ڈاکٹر محمد نسیم،محمد کمال الدین ودیگر کے نام قابل ذکر ہیں ۔ پروگرام کی نظامت امتیاز احمد انصاری اپنے مخصوص لب ولہجہ میں انجام دیئے۔






