🌹 مدرسہ خدیجۃ الکبریٰ للبنات آسنسول میں
دو روزہ جلسۂ سیرۃ النبی ﷺ کا روح پرور اختتام 🌹
ماہِ ربیع الاول کی مناسبت سے مدرسہ خدیجۃ الکبریٰ للبنات، آسنسول میں مورخہ ۱۰ و ۱۱ ربیع الاول ۱۴۴۸ھ، مطابق ۲۴ و ۲۵ اگست ۲۰۲۶ء دو روزہ جلسۂ سیرۃ النبی ﷺ برائے خواتین منعقد ہوا، جس میں مدرسے کی طالبات اور قرب و جوار کی خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
پہلے دن کی نشست میں حضرت مولانا اشرف علی صاحب مظاہری (استاذ تفسیر و حدیث )مدرسہ ہذا نے ’’ذکرِ رسول ﷺ، ایمانی تازگی کا باعث‘‘ کے عنوان سے خطاب کرتے ہوئے محبتِ رسول ﷺ، اتباعِ سنت اور دینی تربیت کی اہمیت بیان کی۔
دوسرے دن کی نشست میں حضرت مولانا اکرام الرشیدی صاحب (استاذ حدیث و عربی ادب،و امام و خطیب مسجد قباء شیر تالاب) نے ’’سیرتِ النبی ﷺ کی روشنی میں مرد و زن کے حقوق‘‘ کے عنوان سے خطاب فرمایا اور باہمی حقوق، حسنِ معاشرت اور خاندانی ذمہ داریوں کو سیرتِ نبوی ﷺ کی روشنی میں واضح کیا۔
اس موقع پر مدرسے کے ناظمِ اعلیٰ حضرت مولانا محمد توقیر ذکی ندوی صاحب کی خصوصی کاوشیں بھی قابلِ ذکر رہیں۔ آپ کی نگرانی، حسنِ انتظام اور دینی و تعلیمی ذوق کے باعث جلسے کے انتظامات نہایت خوش اسلوبی اور نظم و ضبط کے ساتھ انجام پائے۔
دونوں نشستیں نہایت پُروقار اور روح پرور ماحول میں منعقد ہوئیں اور اختتام پر دعا کے ساتھ جلسہ مکمل ہوا۔
🤲 اللہ تعالیٰ اس دینی و تربیتی کاوش کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے اور تمام منتظمین و معاونین کی خدمات کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔ آمین۔










