آسنسول میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی مئیر سید وسیم الحق کی قیادت اور کوششوں سے آسنسول کےرابندر بھون میں بدھ کے دن حج تربیتی پروگرام کاانعقادکیاگیا۔آسنسول انمول ویلفئیر سوسائٹی کے بینر تلے منعقدہ اس حج تربیتی پروگرام میں جہاں ایک جانب پچھم بردوان ضلع کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے خوش نصیب عازمین جنہیں سال رواں میں مقدس سفر حج پر جانے کی سعادت حاصل ہونے والی ہے،ان کی شرکت ہوئی وہیں شہرواطراف کے علمی،سماجی،سیاسی اور ادبی شخصیات میں شامل ضلعی اقلیتی افیسر کوشک ،امارت شرعیہ آسنسول کے نائب مفتی سعید اسعد قاسمی،کارپوریشن کے قانونی مشیر ربیع الاسلام ،سابق ایم ایم آئی سی الحاج ماسٹر شکیل احمد،خادم حجاج سید محمد افروز،اقلیتی سیل رہنما ابوکونین شاداب،بی بی کالج کے صدر شعبہ اردو ڈاکٹر مشکور معینی ،مستفیض الحسن، کونسلر کہکشاں ریاض ، الحاج انجنئیر خورشید غنی،خالق ادیب،امتیاز احمدانصاری ودیگر بھی رونق اسٹیج ہوئے۔برنپورمدرسہ دینیہ اسلامیہ کےصدرمدرس الحاج مولانا محمد اسرائیل مظاہری نے افتتاحی گفتگو میں حج کی اہمیت اور اس کی افادیت پر بڑی جامع گفتگو کی۔بعدازاں دو شیسن میں ہونے والے اس تربیتی کیمپ میں حج کوآرڈینیٹر الحاج قیصر امام اور الحاج ندیم اختر نے پروجیکٹر اور اسکرین کی مدد سے حج کی تیاری سے لے کر کولکاتہ ائیرپورٹ سے مدینہ ائیرپورٹ تک کے سفر کی تمام باریکیوں کو سمجھایا اور پھر مدینہ اور مکہ میں گذارے جانے والے شب و روز کےاعمال ومعمولات اور ایام حج کے دوران کی تمام باتوں کی مکمل جانکاری دی۔پہلے سیشن کے مکمل ہونے پر ٹریننگ میں شامل تمام مرد وخواتین کے لئے ظہر کی نماز اور ظہرانے کے بعد دوسراسیشن شروع ہوا۔سید وسیم الحق نے اظہار تشکر کے دوران تمام عازمین اور مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کرنےکے ساتھ پچھم بردوان ضلع حج کوآرڈینیٹر کی پوری ٹیم میں شامل قیصر امام،ندیم اختر،ڈاکٹر ذیشان الٰہی ،مختار انصاری،قمرالزماں،امان اللہ خان،محمد شکیل سمیت انمول ویلفئیر سوسائٹی کے ارکان خورشید ادیب ،ابوقرنین،محمد کمال،مختارعالم،ڈاکٹر محمد نسیم،ساجدانصاری ودیگر کا بھی شکریہ ادا کیا۔