*جامعہ مظفریہ آسنسول میں سیرت کوئز کمپٹیشن کا شاندار انعقاد*
*110 طلبہ و طالبات نے لیا حصہ، عفیفہ فردوس نے حاصل کیا اول مقام*
آسنسول، 26 اگست: 12 ربیع الاول کے بابرکت موقع پر جامعہ مظفریہ، شیر تالاب، آسنسول کی جانب سے بدھ کے روز شام 4:30 بجے ایک عظیم الشان سیرت کوئز کمپٹیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں آسنسول و قرب و جوار کے مختلف اسکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور مدارس سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔

اس علمی و تربیتی مقابلے میں مجموعی طور پر 110 طلبہ و طالبات شریک ہوئے، جن میں 57 طلبہ اور 53 طالبات شامل تھیں۔ مقابلے میں سیرتِ طیبہ سے متعلق 30 سوالات پر مشتمل تحریری پرچہ دیا گیا، جسے حل کرنے کے لیے شرکاء کو 45 منٹ کا وقت فراہم کیا گیا۔ طلبہ و طالبات نے نہایت انہماک، سنجیدگی اور علمی ذوق کے ساتھ سوالات حل کیے اور اپنی سیرتِ نبوی ﷺ سے متعلق معلومات کا عمدہ مظاہرہ پیش کیا۔
مقابلے کے نتائج کے مطابق اول پوزیشن عفیفہ فردوس، متعلمہ رحمانیہ ہائی اسکول نے حاصل کی۔ دوم پوزیشن ثناء اللہ، متعلم مانو بی ایڈ کالج، جبکہ سوم پوزیشن ابو سفیان، متعلم مانو بی ایڈ کالج نے حاصل کی۔ چہارم پوزیشن شاہین کہکشاں، حاجی نگر، پنجم پوزیشن عکرمہ فردوس، متعلم جامعہ مظفریہ، اور ششم پوزیشن سمیہ پروین، حاجی نگر نے حاصل کی۔
پوزیشن حاصل کرنے والے شرکاء میں اول انعام 1500 روپے نقد، سند اور ٹرافی، دوم انعام 1200 روپے نقد، سند اور ٹرافی جبکہ سوم انعام 1000 روپے نقد، سند اور ٹرافی پر مشتمل تھا۔ اسی طرح چوتھی سے چھٹی پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو بھی سند اور ٹرافی سے نوازا گیا۔
تقریب میں حضرت مفتی زبیر احمد قاسمی صاحب، قاضی امارتِ شرعیہ آسنسول نے بحیثیت صدرِ مجلس شرکت فرمائی۔ انہوں نے طلبہ و طالبات سے سیرتِ طیبہ کے موضوع پر نہایت مؤثر، علمی اور نصیحت آموز خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے سیرتِ رسول اکرم ﷺ کے مطالعے، آپ ﷺ کی تعلیمات کو سمجھنے اور اپنی عملی زندگی کو اسوۂ حسنہ کے مطابق ڈھالنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
مقابلے کے انعقاد اور جانچ کے مراحل میں بھی متعدد اہلِ علم و اساتذہ نے اپنی خدمات انجام دیں۔ بحیثیتِ حکم ماسٹر محفوظ عالم صاحب، ماسٹر واعظ صاحب اور ماسٹر عزیر احمد صاحب موجود رہے، جبکہ بحیثیتِ ممتحن مولانا ابو عبیدہ اعظمی صاحب، مفتی الیاس مظاہری صاحب، قاری ساجد صاحب، قاری شاہد صاحب، مولانا مصطفےٰ صاحب اور مولانا دانش مظاہری صاحب نے اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔
مقابلے کے انتظامی امور میں ماسٹر سجاد صاحب، اعجاز قریشی صاحب اور دیگر معاونین نے نمایاں کردار ادا کیا اور پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور تعاون پیش کیا۔
اس موقع پر جامعہ مظفریہ کے مہتمم مولانا فردوس احمد نعمانی صاحب نے تمام شرکاء کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں اس عظیم علمی و دینی مقابلے میں شرکت پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ سیرتِ رسول اکرم ﷺ سے نئی نسل کو جوڑنا اور طلبہ و طالبات میں حضور اکرم ﷺ کی حیاتِ مبارکہ کے مطالعے کا شوق پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مقابلے میں شریک تمام طلبہ و طالبات، اساتذہ، ممتحنین، معاونین اور حاضرین کا تہِ دل سے شکریہ ادا کیا۔
سیرت کوئز کمپٹیشن کے کامیاب انعقاد پر شرکاء اور سرپرستان کی جانب سے جامعہ مظفریہ کی اس علمی و دینی کاوش کو سراہا گیا۔ پروگرام کے ذریعے نہ صرف طلبہ و طالبات کو سیرتِ نبوی ﷺ کے مطالعے کی طرف متوجہ کرنے کی کوشش کی گئی بلکہ ان کے اندر علمی مقابلے، دینی شعور اور حضور اکرم ﷺ سے محبت و عقیدت کے جذبات کو بھی مزید مضبوط کرنے کا پیغام دیا گیا۔










