Dastak Jo Pahunchey Har Ghar Tak

Share on facebook
Share on twitter
Share on whatsapp
Share on email

*دعوتِ اسلامی انڈیا کے زیرِ اہتمام* *مدرسۃ المدینہ فیضانِ اعلیٰ حضرت، علی نگر، آسنسول عظیم الشان تقسیمِ اسناد اجتماع*

Share on facebook
Share on twitter
Share on whatsapp
Share on email
ASANSOL DASTAK ONLINE DESK

ASANSOL DASTAK ONLINE DESK

آسنسول:
الحمدللہ عزوجل! سرزمینِ آسنسول ایک بار پھر نورِ قرآن، خوشبوئے سنت اور مدنی فضا سے معطر ہوئی، جب دعوتِ اسلامی انڈیا کے زیرِ اہتمام مدرسۃ المدینہ فیضانِ اعلیٰ حضرت، علی نگر، آسنسول میں بروز منگل 3 فروری بعد نمازِ عشاء ایک نہایت شاندار، بابرکت اور روح پرور تقسیمِ اسناد اجتماع منعقد ہوا۔
اس عظیم الشان اجتماع میں ان خوش نصیب بچوں کی حوصلہ افزائی کی گئی جنہوں نے درست مخارج اور صفات کے ساتھ قرآنِ مجید کی تعلیم مکمل کرنے کی سعادت حاصل کی۔ مجموعی طور پر 24 بچوں کو دعوتِ اسلامی کی جانب سے جاری کردہ باوقار اسناد (سرٹیفیکیٹس) پیش کی گئیں، جو ان کی محنت، استقامت اور دینی وابستگی کا روشن ثبوت ہیں۔
یہ پروقار تقریب مجلس مدرسۃ المدینہ بوائز، دعوتِ اسلامی انڈیا کے زیرِ اہتمام منعقد کی گئی، جس میں برن پور کے 7، مصدی محلہ کے 3 اور مدرسۃ المدینہ فیضانِ اعلیٰ حضرت علی نگر، آسنسول کے 14 بچوں کو اسناد سے نوازا گیا۔ یہ منظر اہلِ ایمان کے لیے باعثِ مسرت اور والدین کے لیے سراپا افتخار تھا۔
اس بابرکت اجتماع کی صدارت و نظامت حضرت علامہ و مولانا الحاج محمد صدام آرزو نعیمی (خطیب و امام، مدرسۃ المدینہ دعوتِ اسلامی آسنسول) نے فرمائی، جن کی دل نشیں گفتگو، حکیمانہ رہنمائی اور مخلصانہ قیادت نے پروگرام کو چار چاند لگا دیے۔
اجتماع میں مدرسۃ المدینہ کے معزز اساتذہ و ذمہ داران قاری منہاج الدین، قاری شاہد عالم قادری، حافظ و قاری معراج عالم اشرفی، الحاج ماسٹر امجد عطاری، شاہنواز عالم عطاری، مداحِ رسول شہباز اشرفی اور حسنین رضا نقشبندی نے خصوصی شرکت فرمائی۔ اس کے علاوہ علاقے کے دیگر علماء کرام، مشائخ عظام اور سینکڑوں کی تعداد میں عاشقانِ قرآن و اہلِ علاقہ نے شرکت کر کے اس دینی محفل کو یادگار بنا دیا۔
اجتماع کے دوران نعتیہ کلام، ایمان افروز بیانات اور اصلاحی دروس کا سلسلہ جاری رہا۔ اسی موقع پر مبلغِ دعوتِ اسلامی الحاج ماسٹر امجد عطاری صاحب نے بچیوں کی دینی تعلیم کے لیے ایک مستقل ادارہ قائم کرنے کی خواہش کا اظہار فرمایا، جسے حاضرینِ محفل نے بے حد سراہا اور اس نیک مقصد کے لیے اپنی آمادگی اور تعاون کا یقین دلایا۔
بچوں کی دینی معلومات میں اضافے اور ذہنی صلاحیتوں کو جلا بخشنے کے لیے ایک معلوماتی کوئز کمپٹیشن بھی منعقد کی گئی، جس میں 100 سے زائد بچوں نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ اس مقابلے میں شریک تمام بچوں کو انعامات اور تحائف سے نوازا گیا، جس سے بچوں کے چہروں پر خوشی، اعتماد اور دینی شوق نمایاں نظر آیا۔
آخر میں بارگاہِ رب العزت میں اجتماعی دعا کی گئی اور حضور نبی کریم ﷺ پر درود و سلام کے ساتھ اس عظیم الشان اور بابرکت اجتماع کا اختتام ہوا۔ شرکاء نے دعوتِ اسلامی کی بے لوث دینی و تعلیمی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس خواہش کا اظہار کیا کہ ایسی نورانی اور اصلاحی تقریبات کا سلسلہ ہمیشہ جاری رہے۔
دعا ہے کہ اللہ کریم عالمی تحریک دعوتِ اسلامی کو دن دوگنی اور رات چوگنی ترقی عطا فرمائے، ہمیں اور ہماری نسلوں کو تاحیات مدنی ماحول سے وابستہ رکھے اور قرآن و سنت کی خدمت کے لیے قبول فرمائے۔ آمین۔

اللہ کرم تجھ پہ کرے ایسا جہاں میں
اے دعوتِ اسلامی! تیری دھوم مچی ہو
از قلم:
*الحاج محمد صدام خان آرزو نعیمی*
خطیب و امام
*مدرسۃ المدینہ فیضانِ اعلیٰ حضرت*
علی نگر، آسنسول، بنگال