*پرس اعلانیہ*
*فروغِ ادب، گریڈیہہ کا جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر شاندار نعتیہ مشاعرہ کامیابی سے منعقد*
مورخہ 26 اگست: عید میلاد النبی ﷺ کے پر مسرت اور بابرکت موقع پر فروغِ ادب، گریڈیہہ کی جانب سے اور روئل کلب کے تعاون سے روئل ڈیکوریشن ہال، برواڈیہہ میں ایک روح پرور نعتیہ مشاعرہ کا انعقاد عمل میں آیا۔
محفل کی صدارت فروغِ ادب کے بانی مختار حسینی نے فرمائی، جبکہ نظامت کے فرائض شہر کے معروف شاعر، نقیبِ محفل اور فروغِ ادب کے جنرل سکریٹری سرفراز چاند نے نہایت خوبصورتی اور خوش اسلوبی سے انجام دیے۔
اس بابرکت محفل میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے جناب قیس راجہ اور مہمانِ اعزازی کی حیثیت سے جناب سہیل انصاری شریک ہوئے، جبکہ مہمانانِ خاص میں جناب شہنواز عالم اور جناب بلال احمد حسینی جلوہ افروز تھے۔
محفل کا آغاز سلیم پرواز کے ولولہ انگیز کلام سے ہوا، جنہوں نے اپنے دھماکے دار اندازِ بیان سے سامعین کے دلوں میں عشقِ رسول ﷺ کی نئی روح پھونک دی اور پورا ہال نعرہ ہائے لبیک سے جھوم اٹھا۔
اس کے بعد فروغِ ادب کے تمام شعرائے کرام نے یکے بعد دیگرے بارگاہِ رسالت ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کر کے محفل کو چار چاند لگا دیے۔
جن شعرائے کرام نے نعتِ پاک کا نذرانہ پیش کیا ان کے اسمائے گرامی یہ ہیں:
الحاج حافظ ریاض فیصل، مقصود عنبر، سرفراز چاند، جاوید حسین جاوید، راشد جمیل، وسیم انصاری اور آزاد رضوی۔
آخر میں صدرِ محفل بانیِ فروغِ ادب جناب مختار حسینی نے تمام مہمانانِ گرامی اور سامعین کا تہہِ دل سے شکریہ ادا کیا۔
اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں محفوظ عالم (امن)، حماد اعظم اور شہباز حسینی کا بھرپور تعاون رہا۔
یہ ایمان افروز محفل رات ساڑھے نو بجے اختتام پذیر ہوئی۔










