Dastak Jo Pahunchey Har Ghar Tak

Share on facebook
Share on twitter
Share on whatsapp
Share on email

*مدرسہ خدیجۃ الکبریٰ للبنات آسنسول میں تکمیلِ حفظ قران کریم کے موقع پر دعائیہ نشست*

Share on facebook
Share on twitter
Share on whatsapp
Share on email
ASANSOL DASTAK ONLINE DESK

ASANSOL DASTAK ONLINE DESK

*مدرسہ خدیجۃ الکبریٰ للبنات آسنسول میں تکمیلِ حفظ قران کریم کے موقع پر دعائیہ نشست*

آسنسول، 25 اگست 2026ء: معروف دینی و عصری تعلیمی و تربیتی ادارہ مدرسہ خدیجۃ الکبریٰ للبنات، آسنسول میں آج بروز منگل، 25 اگست 2026ء، صبح 10 بجے ایک خوش نصیب طالبہ حافظہ زینب بنت عبداللہ، ساکنہ این ار ار روڈ نزد چھپریہ موڑ، آسنسول کی تکمیلِ حفظِ قرآنِ کریم کے موقع پر ان کے اعزاز میں ایک پُروقار دعائیہ نشست کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کی صدارت حضرت الحاج مولانا مفتی قاری خورشید اکرم رحمانی صاحب، امام و خطیب جامع مسجد آسنسول نے فرمائی۔ اس موقع پر حافظہ زینب کے دادا جان الحاج  محمد سلیم صاحب سابق ریلوے ڈرائیور، والد محترم جناب الحاج عبداللہ صاحب، والدہ محترمہ اور دیگر اعزہ و اقارب کے علاوہ مدرسہ کے اساتذہ و معلمات اور دیگر معززین نے شرکت کی۔

پروگرام کی نظامت و نقابت کے فرائض حضرت مولانا اشرف علی مظاہری صاحب نے نہایت عمدگی، خوش اسلوبی اور بحسن و خوبی انجام دیے۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز مدرسہ ہٰذا کے شعبۂ حفظ کی ایک طالبہ کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ بعد ازاں طالبات نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ اور حافظِ قرآن کی عظمت و فضیلت پر مشتمل ایک عمدہ نظم پیش کی، جس سے مجلس کا ماحول نہایت پُرکیف اور روحانی ہوگیا۔

اس کے بعد صدرِ مجلس حضرت مولانا مفتی قاری خورشید اکرم رحمانی صاحب نے حافظہ زینب بنت عبداللہ کو آخری سبق پڑھایا اور اپنے مختصر مگر جامع اور پُراثر خطاب میں حفظِ قرآن کی عظمت و فضیلت پر روشنی ڈالی۔ آپ نے مدرسہ کے ابتدائی دور کے ایک واقعہ کا تذکرہ کرتے ہوئے اس کے بانی حضرت الحاج مولانا محمد نسیم قمر ندوی رحمۃ اللہ علیہ کی محنت، جدوجہدِ مسلسل، اخلاص اور للہیت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے فرمایا کہ آج حضرت کا لگایا ہوا وہ پودا ایک تناور اور پھل دار درخت کی شکل میں ہمارے سامنے موجود ہے، جس کا فیض مسلسل جاری ہے۔ مدرسہ سے ہزاروں ملت کی بچیاں دینی ماحول میں عصری تعلیم کے ساتھ عمدہ دینی تربیت حاصل کرکے فارغ ہوچکی ہیں، جبکہ سو سے زائد طالبات حفظِ قرآنِ کریم کی سعادت سے مشرف ہوچکی ہیں۔

تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی حضرت مولانا نیاز احمد ندوی صاحب شریک ہوئے، جبکہ مدرسہ ہٰذا کے معلمین و معلمات بھی مجلس میں موجود رہیں۔

آخر میں صدرِ مجلس حضرت مولانا مفتی قاری خورشید اکرم رحمانی صاحب نے نہایت رقت آمیز دعا فرمائی، جس کے ساتھ یہ بابرکت اور روحانی مجلس بحسن و خوبی اختتام پذیر ہوئی۔ ناظمِ مدرسہ حضرت مولانا محمد توقیر ذکی ندوی صاحب نے تمام مہمانان، اعزہ و اقارب اور شرکائے مجلس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مجلس کے اختتام کا اعلان فرمایا۔