17 اگست، بروز اتوار، مدینہ مسجد سنی جامع مسجد بابو تالاب میں ربیع النور شریف کے جلوس کے انتظامات کے سلسلے میں ایک نہایت اہم مشاورتی نشست منعقد ہوئی، جس میں علاقے کے تمام معزز، فاضل و صاحب علم علماء کرام کی اکثریت نے شرکت کی۔ اس نشست کی صدرات و مہتممی نگرانی حضرت علامہ و مولانا ابراہیم شمسی، مہتمم مدرسہ رضائے غوث، اوکے روڈ، آسنسول نے فرمائی۔
نشست میں یہ فیصلہ متفقہ طور پر کیا گیا کہ ان شاءاللہ الکریم ربیع النور شریف کے موقع پر، اگر جلوس جمعہ کے دن ہوگا تو یہ تاریخی روٹ اختیار کرے گا۔ روٹ کا آغاز چھپریہ موڑ سے ہو کر قصائی محلہ موڑ کے راستے، بسٹن بازار، ہارٹن روڈ ہوتے ہوئے اسلامیہ قبرستان تک ہوگا، جہاں مختصر دعا بھی ادا کی جائے گی۔ اس کے بعد جلوس محمدی یارڈ تک پہنچے گا، جہاں اختتامی دعا باوقار انداز میں کی جائے گی۔
اگر جلوس جمعہ کے علاوہ ہفتے (سنیچر) کو نکالا گیا تو اس دن علاقے کے تمام مساجد میں دو بجے ظہر کی نماز باجماعت ادا کی جائے گی۔ نشست میں یہ بھی متفقہ طور پر طے پایا کہ بارش یا دیگر قدرتی رکاوٹوں کی صورت میں بھی جلوس ان شاءاللہ عزوجل نکالا جائے گا۔
علاوہ ازیں، علاقے میں ربیع النور شریف کے جلوس کو ہر سال منظم، باوقار اور فصیح انداز میں منانے کے لیے ایک سینٹر کمیٹی بھی تشکیل دی گئی، جس میں ہر محلے کے دو تین معزز افراد شامل کیے گئے ہیں۔ اس کمیٹی کا مقصد اس مقدس اور تاریخی موقع کو ہر سال اعلیٰ اور شایان شان انداز میں منانا اور انتظامات کو مکمل نظم و ضبط کے ساتھ انجام دینا ہے۔ نشست میں یہ بھی طے پایا کہ ربیع النور کی دو تاریخ کو ایک اور مشاورتی سینٹر کمیٹی اور علماء کرام کے درمیان منعقد ہوگا، جس میں چند اہم نکات اور رہنما خطوط پیش کیے جائیں گے۔
نشست میں الحاج علامہ زین العابدین، خطیب و امام مدینہ مسجد بابو تالاب کی نگرانی میں تمام مشورے باقاعدہ اور مدلل انداز میں طے پائے۔ اس موقع پر حضرت علامہ و مولانا قاری نثار احمد رضوی، خطیب و امام مصدی محلہ مسجد، حضرت علامہ و مولانا ارشد خان سعیدی صاحب قبلہ، خطیب و امام مدینہ منورہ جامع مسجد پاور ہاؤس، اور دیگر ائمہ کرام و حفاظ کرام بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں، علاقے کے عوام اہل سنت کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی اور اپنے تدبر و بصیرت سے اس نشست کو نہایت کامیاب بنایا اور آخر میں صلاۃ والسلام پر مجلس کا اختتام ہوا۔۔۔
*مولانا محمد الحاج صدام خان آرزو نعیمی،*
خطیب و امام مدرسۃ المدینہ، دعوت اسلامی، آسنسول




























