سرکاری پرائمری اسکولوں کا سالانہ اسپورٹس زونل ںسطح سے شروع ہوکر سرکل،سب ڈیویژن اور ضلعی سطح سے گزر کرریاستی سطح پر پہنچ کر مکمل ہوا کرتا ہے۔بچوں کا سالانہ امتحان مکمل ہوتے ہی پوری ریاست کے ساتھ پچھم بردوان ضلع کے مختلف سرکل کا زونل اسپورٹس کاآغاز ہوچکا ہے ۔ اسی کڑی کے طور پر جموڑیہ سرکل 1 کے تحت ننگھا سی آر سی کا سالانہ اسپورٹس جمعرات کے دن سری پور کیندولیہ کے ایریا آفس میدان میں ہوا جس میں ننگھا زون کے سہ لسانی بنگلہ، ہندی اور اردو میڈیم سرکاری اسکولوں کے درجہ پری پرائمری سے چہارم تک کےدوسو سے زائد طلباء وطالبات نے کل 12 ایونٹس میں پورے جوش وخروش کے ساتھ حصہ لیا۔بھاٹا پاڑہ ایف پی اسکول کے زیر نگرانی اسپورٹس کوآرڈینیٹر بملندو گھوش اور زون کے تمام اساتذہ کی مشترکہ کوششوں سے یہ زونل اسپورٹس کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔اسپورٹس کاآغاز قومی گیت اور بچوں کو اسپورٹس عہد دلاکر کیا گیا ۔اس زونل اسپورٹس میں ایک مرتبہ پھر سری پور اردو ایف پی اسکول کے طلباء وطالبات نے75میٹر، 100 میٹر، 200میٹر، شٹل ریس، لانگ جمپ، ہائی جمپ، بال تھرو،یوگا اور جمناسٹک جیسے تمام ایونٹس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 اول،6 دوئم اور 6طلبہ نے سوئم مقام کے ساتھ کل 19 انعامات جیتا اور زونل اسپورٹس میں سرفہرست رہے۔اسکول کے ہیڈ ٹیچرمحمد پرویز عالم اور معاون معلمین مولانا ساجد اشرفی،محمد امتیازالدین،محمد حمید،فصل الرحمٰن اور امتیاز احمد انصاری نے اسکول کے اسپورٹس ٹیچر محمد شبیر احمد اور اختر رضا انصاری کی محنت اور کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے مبارکباد پیش کیا۔












