انجمن ترقی اردو ہند،ضلع پچھم بردوان ، آسنسول کاسالانہ جلسہ استقبالیہ وتقسیم انعامات کا پروگرام اتوار کے دن آسنسول عیدگاہ وقف اسٹیٹ میدان،مرگاسال، آسنسول میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔جلسے کی صدارت الحاج عبد الجلیل کی غیر موجودگی میں انجمن کے ریاستی صدر،ڈبلیو بی سی ایس افیسر اور مغربی بنگال اردوکاڈمی کے رکن محمد اظہار عالم نے کی جبکہ نظامت کے فرائض آسنسول دی سیٹی آف برادر ہڈ کے نقیب ماسٹر امتیاز احمد انصاری اپنے منفرد لب ولہجہ میں بحسن وخوبی انجام دئیے۔موقعے پر آسنسول میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی مئیر سید وسیم الحق ، نیپالی پاڑہ ہندی ہائی اسکول کے ہیڈماسٹر،شکشا رتن وصدر ایوارڈ یافتہ معلم ڈاکٹر کلیم الحق،رانی گنج گرلس کالج کے صدر شعبہ اردو ڈاکٹر فاروق اعظم،کیندواہائی اسکول کے سابق اسسٹنٹ ہیڈماسٹر محمد مدثر انصاری ،رانی گنج اردو ہائی اسکول کے ہیڈماسٹر ڈاکٹر شاہد حسن خان،پوربی بردوان کے سروشکشا مشن کے کوآرڈینیٹر شیخ مسکین علی،انجمن کے ریاستی جنرل سکریٹری ڈاکٹر واصف اختر،مغربی بنگال اردوکاڈمی کی رکن و کونسلر کہکشاں ریاض خوشی ،وارڈ 25کے کونسلر ایس ایم مصطفیٰ،شکشا رتن ہیڈ ٹیچر نجم العالم،ایجوکیشنل کوآرڈی نیشن کمیٹی کے غلام محمد اور ریاستی انجمن کے خازن ہارون ارشد خصوصی طور پر موجود رہے۔تمام مہمانوں نے اپنی تقریر کے دوران جہاں ایک طرف انجمن کے اراکین کو اردو طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لئے حسب روایت اس بامقصد پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کیا وہیں دوسری طرف پروگرام میں شامل طلباء وطالبات کی بڑی تعداد کو تعلیم کی اہمیت سے روشناس کراتے ہوئے انکے بہتر اور کامیاب مستقبل کےلئے قیمتی مشورے بھی دئیے ساتھ ہی ساتھ اپنی مادری زبان اردو پڑھنے کے علاوہ ریاستی زبان بنگلہ اور بین الاقوامی زبان انگریزی پر بھی توجہ مرکوز کرنے کی تلقین کی ۔کئی مقرروں نے اردو اخبارات اور رسائل خرید کر پڑھنے اور اپنے اخراجات میں کمی لاکر آج ہی سے شروع ہونے والے سرکاری اور آئندہ دنوں میں لگنے ولےغیرسرکاری کتابی میلے میں شامل ہوکر کم سے کم ایک سو روپئے



کی کتابیں خریدنے کی اپیل بھی کی۔
دوران پروگرام ماسٹر مدثر انصاری کو انکی تعلیمی وسماجی خدمات کے اعتراف میں مجاہد اردو قاسم علیگ ایوارڈ 2024سے بھی سرفراز کیا گیا۔جلسے کے اختتام پر پورے پچھم بردوان ضلع کے ایسے 143طلباء وطالبات جنہوں نے مدھیامک اور ہائیر سیکنڈری امتحانات 2024میں اردو مضمون میں بالترتیب 80فیصداور 85فیصدنمبرات حاصل کئے انہیں مومنٹواور سرٹیفکیٹ سے نوازہ گیا۔پروگرام کی شروعات مولانا انیس الرحمٰن قاسمی کے تلاوت کلام پاک سے ہوئی۔بعدازاں کائنات حسین نے نعت پاک،محمدحفیظ نے غزل اور ابوفیضان نے اردو نظم سامعین کی نذر کیا۔سکریٹری رپورٹ انجمن کے جنرل سکریٹری ماسٹر محمد سلیمان نے پیش کیا۔پروگرام کو کامیاب بنانے میں خلیل خان، امان اللہ خان،سجاد حسین،شکیل احمد،غلام رسول،انوارالحق،نشاط احمد،علی انصاری ،محمد ساجد،مختارعالم،محمد مقیم،محمد تنویر ،محمداعجاز ودیگر کی کوششیں
قابل ذکر ہیں ۔














