*“میرے پاپا ہی میرے ہیرو ہیں”۔ایڈوکیٹ سرورتابش**
“آسنسول کارپوریشن کے سابق ایم ایم آئی سی وسابق بوروچئیرمین، وارڈ نمبر28کے موجودہ کونسلر اور انجمن ترقی اردو ہند شمالی شاخ کے صدر غلام سرور کی اچانک موت سے نہ صرف انکے وارڈ کے باشندگان بلکہ پورا آسنسول کارپوریشن علاقہ سیاسی طور پر یتیمی کا شکار ہوگیا ہے۔ بےباک،نڈراور قد آور سیاسی رہنما،بے لوث سماجی خدمت گار،اخلاص وانکساری کا ییکراور ملت کادرد دل میں سوا رکھنےوالے غلام سرورجیسی شخصیت کا یوں ہم سبھوں سے بچھڑ جانے کا جتنا بھی افسوس کیا جائے کم ہے۔اب تو اللہ سے یہی دعاء ہے کہ وہ انہیں جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے ،ان کے لواحقین کو صبر جمیل اور ملت کو ان کا بہتر نعم البدل عطا فرمائے۔” ان باتوں کا اظہار سنیچر کی شام انجمن ترقی اردو ہند (شاخ شمال)کے زیر اہتمام منعقدہ تعزیتی نشست میں غلام سرور سے محبت وعقیدت رکھنے والوں میں شامل آسنسول کارپوریشن کے ڈپٹی مئیر سید وسیم الحق ،وارڈ 25کے کانگریسی کونسلر ایس ایم مصطفیٰ ،محمد نسیم،شفقت یوسفی،انجنئیرخورشید غنی،خالق ادیب، وقیع منظر، امتیاز احمد انصاری ، ماسٹر محمد سلیمان ،الحاج ماسٹر محمود عالم،الحاج ماسٹر عبدالمنان انصاری،ماسٹر خوشنود شہاب،وجیہہ الدین جمال اورماسٹر علی انصاری نے کیااور سبھوں نے مرحوم کے تعلق سے اپنے جذبات واحساسات پیش کئے۔اس موقعے پر غلام سرور کے فرزند ارجمند ایڈووکیٹ تابش سرور نے رندھی ہوئی آواز میں اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انکے پاپا غلام سرور کو اچھا کھانے،اچھاپہننے اور گھومنے پھرنے سے زیادہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ وقت گزارناپسندتھا۔یہی وجہ ہے کہ جب انہیں بہتر علاج کے لئے بنگلور لےجایا گیا تو دوستوں کی جدائی نہ برداشت کرتے ہوئے دو ہی دنوں میں وہاں سے واپس آگئے اور اسنسول یا درگاپور میں ہی علاج ومعالجہ کا انتظام کرنے کی ضد کئے تاکہ دوستوں کی قربت حاصل رہے۔تابش نے نم آنکھوں کے ساتھ کہاکہ میرے پاپا ہی دراصل میرے ہیرو ہیں۔ادھر وسیم الحق نے کہا کہ سیاسی اختلاف ہونے کے باوجود ان کی سیاسی بصیرت کےساتھ ملی اور سماجی کاموں کی وجہ کر ہم سب ان کی قدر کیا کرتے تھے۔ایس ایم مصطفیٰ نے بھی ان کی بہادری اور جواں مردی کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح کارپوریشن کی ماہانہ بورڈ میٹنگ میں وہ جو بات رکھتے تھے اس کی تائید حکمراں جماعت کے کونسلر میٹنگ کے بعد کرتے تھے۔تعزیتی نشست کااغاز اسلم خان کے تلاوت کلام پاک اور ماسٹر زین العابدین کے نعت پاک سے ہوا۔صدارت الحاج ماسٹر محمود انصاری نے کی جب کہ نظامت انجمن کے سکریٹری ماسٹر محمد تسلیم نے بحسن وخوبی انجام دیا۔موقعے پرالحاج نذیر احمد یوسفی ،غلام محی الدین سونا ،فرہاد ملک،ماسٹر سمیع خان،محمد مختار عالم ،محمد شہاب الدین ،محمد شمشیر،محمد وسیم،ٹیپو،محمد پرویز،غلام جیلانی ودیگرشریک بزم ہوئے ۔واضح ہوکہ غلام سرور کے ایصال ثواب کے لئے جہانگیری محلہ مسجد میں دعائیہ مجلس اور ان کے وارڈ آفس میں قرآن خوانی کانظم کیا گیا