آسنسول، 17 اگست (نامہ نگار): یومِ آزادی کے موقع پر 17 اگست 2025ء بروز اتوار صبح 9 بجے جامعہ مظفریہ کی جانب سے قومی یکجہتی پروگرام کا شاندار انعقاد جامعہ کے مدنی ہال میں کیا گیا، جس میں جے ایم پبلک اسکول شیر تالاب وجہانگیری محلہ برانچ اور جامعہ مظفریہ کے طلباء و طالبات نے قرأتِ کلامِ پاک، نعتِ رسول ﷺ، اردو و انگلش تقاریر، قومی ترانے اور نظمیں پیش کر کے حاضرین سے خوب داد حاصل کی۔ پروگرام کی صدارت حضرت مولانا اسرائیل مظاہری ناظم تعلیمات مدرسہ عربیہ برن پور نے کی جبکہ نظامت کے فرائض نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ ماسٹر عزیر احمد صاحب نے انجام دیے۔ مہمانانِ خصوصی میں پنڈت للت نارائن جوگی استھان مندر، جناب گنیش نندی سوشیل ورکر، جناب وسیم الحق ڈپٹی میئر آسنسول میونسپل کارپوریشن اور جناب خورشید صاحب شریک رہے اور سبھوں نے بچوں کی کارکردگی اور ادارہ کے تعلیمی و سماجی خدمات کی بھرپور ستائش کی۔ پنڈت نارائن جی نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ بچے ہمارے مستقبل کی کنجی ہیں، ہمیں ان کی صلاحیتوں کو سنبھال کر رکھنا چاہیے اور ان کے دلوں میں بھائی چارگی و محبت پیدا کرنی چاہیے۔ ڈپٹی میئر جناب وسیم الحق صاحب نے کہا کہ ہمارے مذہب نے ہمیں دوسروں کے لیے جینا سکھایا ہے اور بھائی چارگی کا درس دیا ہے، ہمیں اپنے عمل سے شہر کی فضا کو خوشگوار بنانا چاہیے۔ صدرِ مجلس مولانا اسرائیل مظاہری نے اپنے کلمات میں کہا کہ ہمیں اپنے چھوٹے چھوٹے اعمال سے برادرانِ وطن کا دل جیتنا چاہیے اور اسلام کی حقانیت کو حسنِ اخلاق کے ذریعے پیش کرنا چاہیے تاکہ ملک کی فضا خوشگوار ہو اور ہمارے درمیان عزت و اعتماد قائم ہو۔ پروگرام میں مولانا اکرام الحق، مولانا مصطفیٰ، قاری شاہد، مولانا دانش مظاہری، مفتی الیاس، مولانا ابو عبیدہ اعظمی، مولانا سلطان ندوی،نسیمصاحب اور دیگر معزز علماء و ائمہ کرام، سماجی وسیاسی رہنما، اساتذہ کرام، سرپرست حضرات اور طلباء و طالبات بڑی تعداد میں شریک رہے۔ آخر میں صدرِ مجلس کی دعا پر پروگرام اختتام کو پہنچا اور جامعہ مظفریہ کے مہتمم حضرت مولانا فردوس احمد نعمانی صاحب نے تمام مہمانان و شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
—































