خصوصی رپورٹ:
*امتیاز احمد انصاری*
آسنسول کارپوریشن کے ڈپٹی مئیر سید وسیم الحق کی سرپرستی ومیزبانی میں جمعرات کے دن انمول ویلفئیر سوسائٹی کے بینر تلے آسنسول کے رابندر بھون میں زائرین حرمین شریفین کے اعزاز میں ایک نورانی مجلس بعنوان جلسہ استقبالیہ ودعائیہ پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس پروقار اور کامیاب پروگرام کی صدارت مدرسہ اسلامیہ عربیہ برنپور کے استاذ الاساتذہ مولانا محمد اسرائیل مظاہری نے کی جبکہ نظامت کی ذمہ داریاں محمد شمیم اور امتیاز احمد انصاری نے مشترکہ طور پر انجام دیا۔اپنی شرکت سے پروگرام کے وقار میں اضافہ کرنے میں آل انڈیا ملی کونسل کے ریاستی سکریٹری الحاج شہود عالم ، اسلامی اسکالر اور خطیب وامام مفتی سعد المظاہری،معلم،شاعر،ادیب اور مغربی بنگال اردو اکاڈمی کے سابق رکن خواجہ احمد حسین، سابق ڈی آئی جی زاہدالرحمن (آئی پی ایس) ،جماعت اسلامی ہند کے ضلعی امیر مشتاق احمدسمیت مقامی ائمہ وعلماء میں مولانا امداد اللہ رشیدی،مولانا نثار احمد رضوی،مولاناتبارک حسین قاسمی،مولانا فردوس احمد نعمانی ،مفتی سعید اسعد قاسمی ،مولانا نیاز احمد ندوی،مولانا عبدالرحیم،قاری محمد اسلام قمری،قاری مجاہد الاسلام کے علاؤہ آسنسول کارپوریشن کے فنانس آفیسر احمد کمال فریدی،قانونی مشیر ربیع الاسلام ،بورو چیئرمین مزمل شہزادہ ،کونسلر ایس ایم مصطفیٰ اور کونسلر حسرت اللہ خان خصوصی طور پر موجود تھے۔علاوہ ازیں سال رواں اور سال گزشتہ میں حج کی سعادت حاصل کرنے والے خوش نصیب حجاج کرام کے ساتھ آسنسول واطراف کے ہرمکتبہ فکر کی معتبر شخصیات بھی موجود رہیں ۔اپنےخطاب کے دوران تمام مقررین نے سید وسیم الحق اور ان کی پوری ٹیم کو اس نورانی پروگرام کے انعقاد پر دلی مبارکباد پیش کیا۔شہود عالم نے فرمایا کہ حجاج کرام ان معنوں میں خوش نصیب ہواکرتے ہیں کہ حج پیسے سے نہیں کیا جاسکتا بلکہ اللہ جسے پسند کرتا ہےاسے اپنے گھر بلاتا ہے۔خواجہ احمد حسین نے قرآنی آیات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شریعت میں طبیعت کا دخل نہیں ہے۔مفتی سعدالمظاہری نے اسلام کے بنیادی ارکان نماز،روزہ، زکوٰۃ کے ساتھ حج کے سلسلے سےبہت متاثر کن اور مدلل گفتگو کی۔انمول ویلفئیر سوسائٹی کے سکریٹری سید وسیم الحق نےسکریٹری رپورٹ پیش کرتے ہوئے جہاں ایک طرف اس سوسائٹی کے ذریعہ اب تک کے کئے جانے والے کارناموں کو اجاگر کیا وہیں مستقبل قریب میں کئے جانے والے کام کے ارادوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ساتھ ہی تمام معزز مہمانوں اور سامعین کے ساتھ اپنی سوسائٹی کے تمام اراکین کا بھی شکریہ ادا کیا۔صدر جلسہ مولانا محمد اسرائیل مظاہری نےبڑی سادگی اور بغیر کسی تصنع اور بناوٹ کے صدارتی خطبہ پیش کیا جس کی ستائش سبھوں نے کی۔دوران پروگرام سلیق الرحمٰن اور حافظ سہیل اختر نے نعت پاک کا نذرانہ پیش کیا۔تمام مہمانوں کو مولانا رومال کی شکل میں شانہ زیب اور بیچ کا نذرانہ سوسائٹی کے متحرک ارکان میں شامل مستفیض الحسن،ابو کونین ،ابوقرنین،خورشید ادیب،ایڈوکیٹ محمد ریاض ، ڈاکٹر انیس الرحمٰن ،مختار عالم،محمد کمال الدین،ڈاکٹر محمد نسیم ،محمد نسیم ودیگرکے ہاتھوں پیش کیا گیا اور امسال حج کی سعادت حاصل کرنے والے تمام حجاج کرام کے حضور پھولوں کاہار اور رومال پیش کیا گیا ۔پروگرام کااختتام اسی سال حج بیت اللہ سے واپس آنے والے الحاج ماسٹر امتیاز احمد راشد کی رقت آمیز دعاءپرہوا۔ پروگرام میں شامل تمام لوگوں کوظہرانہ کے طور پر بریانی کا پیکٹ دیا گیا۔






























