ان دنوں پورے مغربی بنگال کے ساتھ ساتھ آسنسول اور مغربی بردوان ضلع میں بھی ایس آئی آر کے تحت سماعت (ہیرنگ) کا عمل جاری ہے۔ اسی سلسلے میں آج مغربی بردوان کے ضلع ناظم کی صدارت میں ایک آل پارٹی میٹنگ منعقد کی گئی، جس میں تمام تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کے نمائندے موجود تھے۔ اجلاس کے دوران سماعتی عمل سے متعلق مختلف نکات اور مسائل انتظامیہ کے سامنے رکھے گئے۔ میٹنگ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی کے نمائندے پرشانت چکرورتی نے کہا کہ ضلع میں اب تک جس طرح سے سماعتی عمل جاری ہے، اس سے وہ مطمئن ہیں۔ اگرچہ چند موضوعات ایسے ہیں جن کی طرف انتظامیہ کی توجہ مبذول کرائی گئی ہے، تاہم مجموعی طور پر ضلع انتظامیہ کی جانب سے اختیار کی گئی کارروائی پر بی جے پی اطمینان کا اظہار کرتی ہے۔ وہیں کانگریس کے نمائندے اور کونسلر ایس ایم مصطفیٰ نے کہا کہ آج کی میٹنگ میں فرسٹ لیول چیکنگ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ ووٹنگ کے لیے استعمال ہونے والے آلات کی ابتدائی جانچ کی جائے گی، جس میں ضلع ناظم نے واضح کیا کہ اس عمل کے دوران تمام تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کے نمائندے موجود رہیں گے اور ان کی موجودگی میں ہی جانچ کی جائے گی۔ ادھر ترنمول کانگریس کے نمائندے آکاش مکھرجی نے ضلع ناظم، ایس ڈی او اور ان کی پوری ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اب تک یہ پورا عمل نہایت ہی منظم اور شفاف انداز میں مکمل کیا جا رہا ہے، جس کے لیے انتظامیہ ستائش کی مستحق ہے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ بعض مراکز پر الیکشن کمیشن کی ہدایات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 85 سال سے زائد عمر کے افراد کو بھی سماعت کے لیے مراکز پر بلایا جا رہا ہے۔ آکاش مکھرجی نے مزید کہا کہ ایسے افراد بھی ہیں جو 85 سال سے کم عمر ہونے کے باوجود شدید بیمار ہیں یا بستر سے اٹھنے کے قابل نہیں، پھر بھی انہیں سماعت کے لیے طلب کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آج اس مسئلے کی طرف ضلع ناظم کی توجہ دلائی گئی ہے۔
ضلع ناظم نے تمام نکات کو بغور سنا اور یقین دہانی کرائی کہ اگر ایسی کوئی پریشانی سامنے آتی ہے تو اس پر فوری توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مقامی بی ایل اوز کو ہدایت دی جائے گی کہ اس طرح کے معاملات میں متاثرہ افراد کی گھر پر جا کر سماعت کی جائے۔
آخر میں آکاش مکھرجی نے واضح کیا کہ 14 فروری کو جاری ہونے والی فائنل فہرست میں اگر ضلع میں ایک بھی جائز ووٹر کا نام کاٹا گیا تو ترنمول کانگریس اس کی شدید مخالفت کرے گی۔




