*تلنگانہ کے لئے بچت کے اصول اور آندھرا کے لئے مالی وسائل کی فراہمی*
*وزیراعظم نریندر مودی کے رویہ پر شدید برہمی۔ریونت ریڈی اپنے سیاسی استاد سے سبق سیکھیں*
*پالامورو – رنگا ریڈی پروجیکٹ کو قومی درجہ کے لئے مرکز کومکتوب تحریر کیا جائے*
*بنڈی بھگیرتھ کے معاملہ میں شفاف تحقیقات پر زور۔پارٹی ہمیشہ مظلوم اور متاثرہ خواتین کے ساتھ کھڑی رہے گی*
*نیٹ امتحان کا پرچہ لیک ہونے پر شدید تشویش کا اظہار۔*
*20 مئی تا 20 جون ٹی آر ایس کا فلیگ فیسٹیول۔ کے کویتا کی پریس کانفرنس*
تلنگانہ رکشنا سینا (ٹی آر ایس) کی سربراہ کلواکنٹلہ کویتا نے بنجارہ ہلز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو مختلف امور پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کئی اہم مطالبات پیش کئے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی تلنگانہ آکر بچت کے اصول سکھاتے ہیں مگر آندھرا پردیش کو مالی وسائل فراہم کرتے ہیں۔ وزیراعظم نےپالامورو-رنگا ریڈی پروجیکٹ کو قومی درجہ دینے پر ایک لفظ بھی نہیں کہا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے “سیاسی استاد” سے سبق سیکھیں اور پالامورو پروجیکٹ کے لئے وزیراعظم کو مکتوب تحریر کریں۔کویتا نے کہا کہ تلنگانہ پانی کے لئے قائم ہونے والی ریاست ہے مگر آج بھی گوداوری اور کرشنا ندی کے پانی کا مکمل استعمال نہیں ہو پا رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی پارٹی اقتدار میں آنے کے بعد ہر قابل کاشت زمین تک پانی پہنچایا جائے گا اور اس کے لئے واٹر کمیشن قائم کیا جائے گا۔ مضبوط چیک ڈیمس تعمیر کئے جائیں گے اور پانی کے مؤثر انتظام پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔انہوں نے بی جے پی رہنما بنڈی سنجے کے بیٹے سے متعلق الزامات پر بھی سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملہ میں شفاف تحقیقات کے لئے لک آؤٹ (look out) نوٹس جاری کئے جائیں تاکہ ملزم ملک سے فرار نہ ہو سکے۔ انہوں نے متاثرہ لڑکی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اکاؤنٹس کی شناخت کر کے فوری کارروائی کی جائے۔کویتا نے خواتین اور نابالغ لڑکیوں کے معاملات میں ذمہ دارانہ رویہ اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں لڑکیوں کو زیادہ نقصان اٹھانا پڑتا ہے اس لئے احتیاط ضروری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی پارٹی ہمیشہ خواتین کے ساتھ کھڑی رہے گی۔انہوں نے او بی سی ریزرویشن، خواتین بل میں او بی سی سب کوٹہ اور مردم شماری میں او بی سی کالم شامل کرنے کا مطالبہ بھی دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے بھیجے گئے بی سی بلز کو مرکز فوری طور پر منظور کرے۔کویتا نے نیٹ امتحان کے پرچے لیک ہونے پر بھی شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے دور میں اس طرح کے واقعات قابل افسوس ہیں اور یہ طلبہ کے مستقبل کے ساتھ ناانصافی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 20 مئی سے 20 جون تک ریاست بھر میں “پرچم تہوار” منایا جائے گا جس کے ذریعہ پارٹی کو گاؤں گاؤں تک مضبوط کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم پارٹی کی تنظیمی بنیاد کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔










