*ہاٹن روڈ سے تجاوزات نہ ہٹانے پر میئر کے خلاف ناراضگی، استعفیٰ دینے کا مطالبہ*

آسنسول 11 جون: آسنسول میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ہٹن روڈ پر تجاوزات ہٹانے کے معاملے میں تاخیر کو لے کر شہری حلقوں میں ناراضگی بڑھتی جا رہی ہے۔ اسی سلسلے میں ایک شہری نے میئر کو مکتوب ارسال کرتے ہوئے کارپوریشن کی کارکردگی پر سخت سوالات اٹھائے ہیں اور میئر سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ آسنسول کی تاریخ میں اتنا بے بس اور غیر مؤثر میونسپل کارپوریشن پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔ مکتوب نگار نے الزام لگایا کہ میئر نے عوام کو گمراہ کیا ہے، کیونکہ 16 مئی 2026 کو ہٹن روڈ سے تجاوزات ہٹانے کا اعلان کیا گیا تھا، لیکن اس پر عمل درآمد نہیں ہو سکا۔

خط کے مطابق بعد ازاں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے میمو نمبر 191/30/PW/ENG/2026 جاری کرتے ہوئے بتایا گیا کہ دکانداروں کی درخواست پر تجاوزات ہٹانے کی مہم 15 دن کے لیے ملتوی کی جا رہی ہے اور واضح کیا گیا تھا کہ اس کے بعد مزید کوئی مہلت نہیں دی جائے گی۔
مکتوب نگار نے دعویٰ کیا کہ مقررہ مہلت ختم ہوئے 11 دن گزر چکے ہیں، لیکن اب تک کارپوریشن کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے اسے عوام کے ساتھ دھوکہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کارپوریشن کی “کہنی اور کرنی” میں فرق کی وجہ سے عوام کا اعتماد متزلزل ہو چکا ہے۔
اپنے خط میں شہری نے میئر سے کہا ہے کہ اگر وہ کارپوریشن کو مؤثر طریقے سے نہیں چلا پا رہے ہیں تو انہیں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔ خط میں یہ بھی کہا گیا کہ جب کولکاتا کے میئر استعفیٰ دے سکتے ہیں تو آسنسول کے میئر بھی ایسا قدم اٹھا سکتے ہیں۔
اس معاملے پر فی الحال آسنسول میونسپل کارپوریشن یا میئر کی جانب سے کوئی باضابطہ ردِ عمل سامنے نہیں آیا ہے۔










