Dastak Jo Pahunchey Har Ghar Tak

Share on facebook
Share on twitter
Share on whatsapp
Share on email

درگاپور سے دہلی، جے پور، گوہاٹی اور باگڈوگرا کے لیے روزانہ پروازیں شروع کرنے کا مطالبہ

Share on facebook
Share on twitter
Share on whatsapp
Share on email
ASANSOL DASTAK ONLINE DESK

ASANSOL DASTAK ONLINE DESK

Oplus_16908288

درگاپور۔آسنسول صنعتی خطے میں تیزی سے بڑھتی ہوئی صنعتی سرگرمیوں اور مستقبل میں نئے سرمایہ کاروں کی آمد کے امکانات کو مدنظر رکھتے ہوئے دہلی، جے پور، گوہاٹی اور باگڈوگرا کے لیے روزانہ فضائی خدمات شروع کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ آسنسول چمبر آف کامرس کے سکریٹری شمبھو ناتھ جھا نے اپنے بیان میں کہا کہ مغربی بنگال میں نئی حکومت کے قیام کے بعد درگاپور۔آسنسول انڈسٹریل بیلٹ میں متعدد نئے صنعتوں کے قیام کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ ملک کے مختلف حصوں سے صنعت کار اس خطے میں سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں، جس سے اس علاقے کی اقتصادی اور صنعتی اہمیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
اسی تناظر میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ درگاپور سے دہلی کے لیے روزانہ صبح اور شام دونوں اوقات میں براہِ راست پروازیں شروع کی جائیں، تاکہ صنعت کاروں، کاروباری طبقے اور عام مسافروں کو بہتر سفری سہولت میسر آ سکے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ جے پور کے لیے بھی فضائی رابطہ قائم کیا جانا ضروری ہے، کیونکہ کاروبار اور سیاحت کے سلسلے میں بڑی تعداد میں لوگ جے پور کا سفر کرتے ہیں، مگر براہِ راست سہولت نہ ہونے کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس لیے دہلی کے راستے جے پور تک فضائی رابطہ یقینی بنایا جائے۔
اس کے علاوہ شمال مشرقی ہندوستان، خصوصاً گوہاٹی اور باگڈوگرا کے لیے بھی روزانہ پروازیں شروع کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق صنعت، تجارت اور سیاحت کے سلسلے میں اس خطے سے بڑی تعداد میں لوگوں کا شمال مشرقی ریاستوں کا سفر ہوتا رہتا ہے، لہٰذا ان شہروں کے لیے روزانہ فضائی خدمات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
آخر میں امید ظاہر کی گئی کہ ان نئی فضائی سہولتوں سے آسنسول۔درگاپور خطے کی صنعتی ترقی کو مزید فروغ ملے گا، سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اور کاروباری طبقے سمیت عام شہریوں کو بھی اس کا بھرپور فائدہ حاصل ہوگا۔