Dastak Jo Pahunchey Har Ghar Tak

Share on facebook
Share on twitter
Share on whatsapp
Share on email

*پرانا اسٹیشن آسنسول میں عظیم الشان جلسۂ سیرت النبی ﷺ و بچوں کا تعلیمی مظاہرہ منعقد*

Share on facebook
Share on twitter
Share on whatsapp
Share on email
ASANSOL DASTAK ONLINE DESK

ASANSOL DASTAK ONLINE DESK

*پرانا اسٹیشن آسنسول میں عظیم الشان جلسۂ سیرت النبی ﷺ و بچوں کا تعلیمی مظاہرہ منعقد*

آسنسول، 28 اگست:
مورخہ 28 اگست 2026 بروز جمعہ بعد نمازِ مغرب و عشاء مدرسہ مرقاۃ العلوم، مستری پاڑہ، پرانا اسٹیشن، آسنسول میں ایک طالب علم کی تکمیلِ ناظرۂ قرآن اور دس بچوں کی ابتداءِ قرآن کے موقع پر مسجد و مدرسہ کمیٹی کے زیرِ انتظام ”عظیم الشان جلسۂ سیرت النبی ﷺ و بچوں کا تعلیمی مظاہرہ“ کے عنوان سے ایک بامقصد و روحانی محفل کا انعقاد کیا گیا۔ جلسے میں علماء، حفاظ، اساتذہ، سرپرستان، اہلِ محلہ اور بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔

جلسے کی پہلی نشست نمازِ مغرب کے بعد منعقد ہوئی، جس میں مدرسہ کے ننھے طلبہ نے نہایت عمدگی کے ساتھ قرأتِ قرآن، نعتِ رسول ﷺ، نظم، تقریر، کلمہ، دعاء اور مکالمہ کے پروگرام پیش کیے۔ بچوں نے اپنی تعلیمی، دینی اور تربیتی صلاحیتوں کا خوبصورت مظاہرہ کرتے ہوئے حاضرین سے خوب داد و تحسین حاصل کی۔ بچوں کی پُراعتماد پیشکش اور دینی معلومات پر حاضرین نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا۔ نشستِ اول کے اختتام پر ماسٹر عزیر احمد صاحب اور مفتی الیاس صاحب نے مختصر تأثرات کا اظہار کرتے ہوئے بچوں کی حوصلہ افزائی کی اور دینی تعلیم کے فروغ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

نمازِ عشاء کے بعد عکرمہ فردوس کی تلاوتِ کلامِ پاک سے مرکزی بزم کا آغاز ہوا۔ اس کے بعد محفل میں بطور نعت خواں شریک جناب تنویر عالم صاحب نے نہایت خوبصورت اور مترنم آواز میں بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نعتیہ کلام پیش کیا، جس سے محفل کا ماحول روحانی اور پُرکیف ہوگیا۔

جلسے کے مہمانِ خصوصی مولانا فردوس احمد نعمانی صاحب، مہتمم جامعہ مظفریہ آسنسول نے اپنے خطاب میں سیرتِ طیبہ ﷺ کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے حاضرین کو نبی کریم ﷺ کی مبارک زندگی اور آپ ﷺ کی بعثت کے مقاصد سے روشناس کرایا۔ انہوں نے خصوصاً اس بات کی طرف توجہ دلائی کہ نبی کریم ﷺ کی بعثت کے اہم مقاصد میں کتاب و حکمت کی تعلیم شامل ہے، اس لیے مسلمانوں کو قرآن و سنت کی تعلیمات سے مضبوطی کے ساتھ وابستہ رہنے اور اپنی زندگیوں کو تعلیماتِ نبوی ﷺ کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے۔

صدرِ مجلس کی حیثیت سے تشریف فرما مفتی زبیر احمد قاسمی صاحب، قاضی امارتِ شرعیہ آسنسول نے اپنے خطاب میں معاشرتی برائیوں اور موجودہ دور کے مسائل کی طرف توجہ دلاتے ہوئے فرمایا کہ معاشرے میں پھیلی ہوئی تمام برائیوں کا بنیادی اور مؤثر حل قرآن و سنت کی تعلیمات سے روشناس ہونا اور ان پر عمل کرنا ہے۔ انہوں نے والدین اور سرپرستان کو بچوں کی دینی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی تلقین کی۔

اس موقع پر مولانا ابو عبیدہ قاسمی صاحب، قاری شاہد صاحب اور حافظ مرتضیٰ صاحب بھی موجود رہے۔ علماء و اہلِ علم کی موجودگی نے محفل کی اہمیت میں مزید اضافہ کیا۔ جلسے میں شریک تمام مہمانانِ گرامی اور حاضرینِ مجلس نے بچوں کے تعلیمی مظاہرے کو سراہتے ہوئے ان کی کارکردگی پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا اور مدرسہ کے اس تعلیمی و تربیتی سلسلے کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

جلسے کے اختتامی مرحلے میں قرآنِ کریم کی ناظرہ تعلیم مکمل کرنے والے طالب علم محمد ایان ابن محمد شاکر، ساکن پرانا اسٹیشن کو تکمیلِ قرآن کا شرف حاصل کرنے پر خصوصی طور پر سراہا گیا۔ اسی طرح قرآنِ کریم کی تعلیم کی ابتداء کرنے والے دس بچوں کی بھی حوصلہ افزائی کی گئی اور انہیں انعامات سے نوازا گیا۔ اس موقع پر بچوں اور ان کے والدین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

جلسے کی کامیابی میں مدرسہ و مسجد سے وابستہ افراد اور معاونین نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ خصوصاً جناب خورشید صاحب، ہدایت صاحب، فیروز صاحب، امجد صاحب، انتخاب صاحب، عبدالرزاق صاحب اور عامر صاحب انتظامی امور میں پیش پیش رہے اور پروگرام کو منظم و کامیاب بنانے میں بھرپور تعاون کیا۔ ان کی خدمات کو حاضرین اور منتظمین کی جانب سے قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا۔

جلسے کی نظامت کے فرائض مولانا محمد دانش مظاہری صاحب، امام و خطیب اقرأ مسجد و نگران مدرسہ مرقاۃ العلوم پرانا اسٹیشن نے انجام دیے۔

آخر میں مہمانِ خصوصی مولانا فردوس احمد نعمانی صاحب کی پرمغز و رقت انگیز دعا کے ساتھ یہ بابرکت محفل اختتام پذیر ہوئی۔