ریاست مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنر جی کی ہدایت پر سوموار کے دن ریاست بھر میں سمپرتی ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقعے پرآسنسول، پانڈیشور، جموڑیہ،رانی گنج، کلٹی، نعمت پور، بارابنی اور برن پور میں بھی ترنمول کانگریس کی جانب سے سمپرتی ریلی نکالی گئی جس میں ہر مذاہب کے نمائندہ شخصیتوں نے حصہ لیا۔لیکن تمام ریلیوں میں جہاں ترنمول کانگریس کے رہنما موجود رہے وہیں کافی تعداد میں ترنمول کانگریس ورکر اور حامی بھی موجود رہیں۔ رانی گنج ٹاؤن ٹی ایم سی صدر روپیش یادو، بورو چیئر مین مزمل شہزادہ سمیت بڑی تعداد میں ترنمول کانگریس کے رضاکار و حامی موجود ہے۔
روپیش یادو نے کہا کہ ترنمول سپریمو و ریاستی وزیر ممتا بنر جی کی ہدایت پر آج سمپرتی ریلی نکالی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رام صرف کسی ایک سیاسی پارٹی کے نہیں بلکہ رام ملک ہندستان کے ساتھ ساتھ پوری دنیا کے لیے ہیں۔ بی جے پی سیاسی فائدہ اٹھانے کے لیے رام کے نام کا استعمال کر رہی ہے۔ ممتا بنر جی نے اسی کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔ ہمارا ملک مختلف مذاہب کے ماننے والوں کا وطن ہے۔
یہاں پر ہم سب مل جل کر رہتے ہیں۔ لیکن بھاجپا اس یکجہتی پر حملہ کرنا چاہتی ہے۔ آپسی بھائی چارے کو توڑنا چاہتی ہے۔ مذہب کے نام پر تقسیم کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عموماً درگا مندر کا افتتاح کرنا ہوتا ہے تو درگا پوجا کے وقت ہوتا ہے۔ گنیش مندر کا افتتاح گنیش چتروتھی کے وقت ہوتا ہے۔کیا جلدی تھی کہ ایک مہینے کے بعد رام نومی کا انتظار نہیں کر کے آج رام مندر کا افتتاح کیا گیا۔ اس سے صاف ظاہر ہو تا ہے کہ بھاجپا کا مقصد رام مندر کا استعمال آئندہ لوک سبھا الیکشن کے لیے کرنا ہے۔ ٹی ایم سی اس کی مخالفت کرتی ہے اور آئندہ بھی اس طرح کی سیاست 
کی مخالفت کرے گی۔
آسنسول نارتھ ترنمول کانگریس کی ریلی میں آسنسول میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی میئر سید وسیم الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ تمام ترنمول ورکروں کو متحد ہوکر ریاست کے ساتھ ساتھ ملک میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے کام کرنا ہوگا۔


















