آسنسول و اطراف میں چند دنوں کے وقفے کے بعد بدھ کے دن زبردست بارش ہوئی ۔گھن گرج اور زوردار ہوا کے ساتھ ہونے والی بارش نے جہاں ایک طرف لوگوں کو گرمی سے راحت پہنچائی وہیں دوسری جانب زبردست نقصان کی بھی خبریں موصول ہورہی ہیں۔شام 4:40 کے بعد آسمان ابر آلود ہوگیا۔ حالانکہ صبح کے وقت بھی کچھ ایسا ہی نظارہ دیکھنے کو ملا۔ ہلکی پھلکی بارش بھی ہوئی لیکن بارش کے چند قطرے زمین پر گرنے کے بعد پھر اسی طرح گرمی کا احساس ہونے لگا۔ شدید گرمی سے لوگوں کا برا حال تھا۔ پھر اچانک سے آسمان نے رنگ بدلا اور گھنگھور گھٹا چھا گئی ۔کالے بادلوں کے گھن و گرج، بجلی کی کڑک اور زور دار ہواءوں نے دیکھتے ہی دیکھتے موسم کا مزاج یکسر تبدیل کردیا۔ تیز ہواؤں کے سبب آسنسول و اطراف کے کئی علاقوں میں درخت گرگیے۔ کچے مکانات کو نقصان پہنچا۔ ملی جانکاری کے مطابق برن پور کے وارڈ 98 میں دھرم پور موڑ کے پاس ایک تناور درخت گرجانے سے کئی مکانات اس کی زد میں آگءے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ بارش ہونے سے گرمی سے تو نجات مل گئی لیکن زبردست تباہی بھی ہوءی۔ تیز ہوا کے ساتھ موسلا دھار بارش نے علاقہ کو جل تھل کردیا۔ کئی مکانات کو نقصان پہنچا۔ سڑک کے کنارے لگے کئی درخت جڑ سے اکھڑ کر زمین پر گر گءے۔کہیں سے کوئی جانی نقصان کی خبر نہیں ہے لیکن تیز ہوائوں نے کافی تباہی مچائی ۔ اچانک بارش ہونے سے لوگوں کو شدید گرمی سے نجات مل گئی ۔ خبر لکھے جانے تک کئی علاقہ تاریکی میں ڈوبے ہیں۔بجلی کی بحالی اب تک نہیں ہوپائی ہے۔










