*ہد الطاہرات پوپری بازار، سیتامڑھی میں خصوصی پروگرام*
سیتامڑھی (نامہ نگار)معہد الطاہرات، پوپری بازار، سیتامڑھی میں ایک خصوصی نشست کا انعقاد ہوا جس میں مولانا اظہار الحق مظاہری (خلیفہ و مجاز حضرت قاری صدیق باندوی رحمہ اللہ، ناظم مدرسہ اشرف العلوم کنہواں) نے شرکت فرمائی۔
اس موقع پر مولانا نے مدرسے کے قیام کو وقت کی ایک اہم اور ناگزیر ضرورت قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ مکمل عالمہ کورس کے بجائے ”مؤمنہ کورس” جیسے مختصر مگر جامع نصابات آج کی خواتین کی دینی تعلیم کے لیے نہایت مؤثر اور مفید ہیں۔ انہوں نے دینی تعلیم کو عام کرنے اور خواتین کو اسلامی اقدار سے روشناس کرانے کے لیے اس طرح کے اداروں کے قیام کو سراہا۔مولانا اظہار الحق نے کہا کہ دور حاضر میں جہاں ایک طرف خالص عصری تعلیم اور فلمی ماحول نے صنف نازک کو بے حیا اور آزاد بناکر چھوڑ دیا ہے اور دوسری طرف فتنہئ ارتداد کے سانپوں نے مسلم بچیوں کو نگلنے کی مشق جاری رکھی ہوئی ہے ایسے میں دینی تعلیم کے اداروں میں بچیوں کو تعلیم دلانا زیادہ ضروری ہوچکا ہے کہ جہاں ان کی عفت و حیا بھی باقی رہتی ہے اور ان کا دین و ایمان بھی محفوظ رہتا ہے۔
پروگرام میں مدرسے کے فعال رکن حافظ اسرائیل صاحب، مولانا شبیر قاسمی صاحب، مولانا خورشید صاحب، آرزو صاحب اور مکی صاحب بھی موجود تھے۔ ان تمام شخصیات نے مہمانِ خصوصی کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور ادارے کی ترقی کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔یہ نشست نہ صرف اہلِ علاقہ کے لیے باعثِ مسرت رہی بلکہ دینی بیداری کے ایک نئے باب کی شروعات کا سبب بھی بنی۔





















