*ڈاکٹر طہ غزالی خان کا ایم بی بی ایس ہوامکمل، انٹرن شپ شروع*

رپورٹ : امتیاز احمد انصاری
جہد مسلسل اور صحیح سمت میں ایماندارانہ محنت کا صلہ جلد یادیر ضرور ملتا ہے۔اس بات کو ایک مرتبہ پھر ڈاکٹر طہ غزالی خان نے ایم بی بی ایس کا امتحان امتیازی نمبروں سےپاس کرکے ثابت کردکھایا ہے۔واضح ہوکہ ڈاکٹر طہ غزالی خان کے والد محمد غزالی خان ابن مرحوم رفیع احمد خان(سابق ہیڈ ماسٹر عیدگاہ ہائی اسکول)شمالی آسنسول کے حاجی قدم رسول ہائی اسکول کے اردو کے معلم ہیں مگر انہوں نےاپنے ہونہار بیٹے کی شکل میں قوم کو دو دو ڈاکٹر دیا ہے۔ماسٹر غزالی خان کے بڑے صاحب زادے ڈاکٹر حمزہ غزالی خان ایم بی بی ایس مکمل کرنے کے بعد سردست رام منوہر لوہیا میڈیکل کالج لکھنؤ سے ریڈیالوجی میں ایم ڈی کررہے ہیں۔ان کادوسرا فرزند طہ غزالی خان 2020میں میڈیکل داخلہ ٹیسٹ میں کامیاب ہوکر ای ایس آئی میڈیکل کالج کولکاتہ میں داخلہ لیا اور وہیں سے ایم بی بی ایس فائنل ائیر مکمل کیا جس کا نتیجہ گزشتہ کل یعنی بدھ کی شام کامیابی کی صورت منظر عام پر آیا۔اس کامیابی کے ساتھ میڈیکل کے اس ہونہار طالب علم نے اپنے نام کے آگے ڈاکٹر لکھنے کا حق حاصل کرلیا ہے۔ معلوم ہوا کہ آئندہ دومئی سے اسی کالج میں ان کا ایک سال کاانٹرن شپ کاآغاز بھی ہو جائے گا جو ایم بی بی ایس پاس کرنے والے ہر ڈاکٹر کے لازمی ہے۔اس کے بعد وہ پی جی میں داخلہ لینے کے خواہش مند ہیں۔ادھر غزالی خان کے سب سے چھوٹے اور تیسرے فرزند حذیفہ غزالی خان بھی ڈاکٹر بننے کے ارادے سے میڈیکل انٹرنس ٹسٹ کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ ماسٹر غزالی خان کے عزیز واقارب اور احباب پہلے بیٹے کے بعد دوسرے بیٹے کے ڈاکٹر بننے سے بہت خوش رہیں اور چہار جانب سے مبارکبادیاں پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کامیابی کی خبر پاکر مغربی بنگال اردوکاڈمی کے ارکان میں شامل شکیل انور اور کہکشاں ریاض خوشی ، آسنسول کارپوریشن کے ڈپٹی مئیر سید وسیم الحق اور حاجی قدم رسول ہائی اسکول کے ہیڈ ماسٹر محمد شمشیر عالم سمیت ساتھی اساتذہ واستانیوں نے بھی مبارکباد پیش کرکے قوم کے ان دونوں بچوں کے بہتر مستقبل کی دعاؤں سے نوازہ ہے۔


















