*جے ایم پبلک اسکول و جامعہ مظفریہ کا یومِ آزادی کے موقعے پر رنگا رنگ پروگرام*
*بچوں کےملی و سماجی شعور اجاگر کرنے والے ڈراموں کی مہمانوں نے کی ستائش*

ملک کے 80 ویں یومِ آزادی کے موقع پر اتوار کی صبح 9 بجے سفینہ میرج ہال میں جے ایم پبلک اسکول،(جہانگیری محلہ و شیر تالاب)، اور جامعہ مظفریہ کے زیرِ اہتمام ایک شاندار، رنگا رنگ اور بامقصد پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام میں اسکول و مدرسہ کے طلبہ و طالبات نے مختلف زبانوں اور مختلف النوع پروگراموں کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا اور آزادی، تعلیم، قومی یکجہتی اور سماجی اصلاح سے متعلق اہم پیغامات عوام تک پہنچائے۔
پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد طلبہ و طالبات نے نعتِ رسولِ اکرم ﷺ، نظمیں، قومی گیت اور تقاریر پیش کیں۔ بچوں نے اردو، انگریزی اور بنگلہ زبان میں یومِ آزادی، مجاہدینِ آزادی اور تعلیم کی اہمیت جیسے موضوعات پر پُراثر تقاریر پیش کرکے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔

پروگرام کا ایک اہم اور قابلِ توجہ حصہ طلبہ و طالبات کی جانب سے پیش کیے جانے والے مختلف ڈرامے تھے۔ بچوں نے ”نیٹ پیپر لیک“، ”کیا ہم آزاد ہیں؟“، ”ہمیں آزادی کیسے ملی؟“ سمیت متعدد عنوانات کے تحت ڈرامائی مناظر پیش کیے۔ ان ڈراموں کے ذریعے موجودہ معاشرے کے مختلف مسائل اور ملکی تاریخ کے اہم واقعات کو انتہائی مؤثر انداز میں اجاگر کیا گیا۔
خصوصاً نیٹ امتحان میں پیپر لیک سے متعلق طلبہ کے جذبات، معاشرے میں رشوت خوری، نشہ بازی، راشن گھوٹالہ جیسے موجودہ سماجی مسائل کے ساتھ ساتھ جلیان والا باغ کے سانحہ اور لالہ جی کی شہادت جیسے تاریخی واقعات کے مناظر بھی پیش کیے گئے۔ بچوں کی پُراعتماد اداکاری، مکالموں اور پیش کش نے حاضرین کو نہ صرف متاثر کیا بلکہ انہیں ان حساس موضوعات پر غور و فکر کرنے پر بھی مجبور کیا۔

اس موقع پر متعدد معزز مہمانانِ کرام نے شرکت کی، جن میں مفتی زبیر احمد قاسمی (قاضی امارت شرعیہ آسنسول)،ریاض عشرت شمشی (ایس آئ بانکوڑہ)، ماسٹر محمد سلام (رحمانیہ ہائی اسکول)، وجیہ الدین جمال (صحافی و سابق مدرس رحمانیہ اسکول)، ڈاکٹر عشرت بیتاب ، ماسٹر محفوظ عالم ، جناب مختار صاحب (سکشا بندھو)، مولانا نیاز احمد ندوی،محمد گلزار عالم اور دیگر معزز شخصیات شامل تھیں۔
مہمانانِ کرام نے طلبہ و طالبات کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے دعائیں کیں۔ مہمانان نے پروگرام کے انعقاد اور اس کے لیے ادارے کی جانب سے کی جانے والی محنت کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔
قاضی شریعت مفتی زبیر احمد قاسمی نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ
”ہم تعلیم کے ذریعہ خوب پڑھیں گے اور خوب آگے بڑھیں گے۔ ہم ملک کے چوتھے درجے کے شہری بن کر نہیں رہیں گے، بلکہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے ہمارے بچے سائنس داں بھی ہوں گے، ڈاکٹر بھی ہوں گے اور انجینیئر بھی ہوں گے۔“
جے ایم پبلک اسکول و جامعہ مظفریہ کے مہتمم و سرپرست مولانا فردوس احمد نعمانی نے ”جنگِ آزادی“ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے بچوں کو ملک کی تاریخ، آزادی کی جدوجہد اور اپنے اسلاف کی قربانیوں سے واقف کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ نئی نسل اپنے ماضی سے واقف ہوکر مستقبل کی تعمیر میں بہتر کردار ادا کرسکے۔
پروگرام کی نقابت کے فرائض ماسٹر عزیر احمد ، ناظم جامعہ مظفریہ و ہیڈ ماسٹر جے ایم پبلک اسکول شیر تالاب نے اپنے مخصوص لب و لہجے میں انجام دیے۔ پروگرام کی کامیابی میں ماسٹر مبشر ، مولانا ابو عبیدہ قاسمی ، مفتی الیاس رشیدی ، قاری ساجد ، قاری شاہد ،مولانا دانش مظاہری ،حافظ شمیم ،محمد اعجاز، سجاد سمیت دیگر معاونین نے نمایاں کردار ادا کیا۔



















