رانی گنج :
گزشتہ اتوار کو معروف علمی تنظیم انجمن ترقی اردو ، مغربی بنگال کے ہر دلعزیز سکریٹری ڈاکٹر واصف اختر کے دورہء رانی گنج پر کاروان ادب کے اراکین نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور ڈاکٹر شمشیر عالم کے ساتھ معروف شاعر جناب ندیم شعبانی ، وقار احمد اور اظہار اشرف وغیرہ نے ڈاکٹر واصف کو شانہ زیب پہنا کر ان کی عزت افزائی بھی کی ۔۔ واضح ہو کہ ڈاکٹر واصف اختر کی یہ دیرینہ خواہش تھی کہ وہ بطور خاص یہاں آکر ڈاکٹر شمشیر عالم ، ڈاکٹر صابرہ خاتون حنا اور دوسری علمی وادبی شخصیتوں کے ساتھ ہی اراکین کاروان ادب سے بھی ملاقات کریں اور یہاں بھی انجمن ترقی اردو کی ایک شاخ قائم کریں
ان کی اس خواہش کا تمام ہی حاضرین نے خیر مقدم کیا اور اس پر غور کرنے کی بات کہی ۔۔ انجمن امداد باہمی کے سکریٹری اور کاروان ادب کے معزز رکن جناب ندیم شعبانی نے اپنی گفتگو میں یہ بات بتائی کہ انجمن ترقی اردو کی شاخ یہاں بہت پہلے مغربی بنگال کے نمائندہ شاعر رونق نعیم کی حیات میں بنی تھی اور اس وقت یہ خود بھی اس کے رکن تھے مگر ایک لمبے عرصے تک یہ مقامی شاخ تعطل کا شکار رہی اور اب از سر نو اس کی تجدید خوش آیند ہے ڈاکٹر صابرہ حنا نے مہمان اور اراکین بزم کا تعارف پیش کیا ، ڈاکٹر شمشیر عالم نے بھی انجمن کی ٹیم کی رانی گنج آمد پر خوشی کا اظہار کیا اور ان کے لیے پُرتکلف ظہرانے کا انتظام کیا شام پانچ بجے تک اردو کے مسائل ، امکانات اور آیندہ کے اقدامات پر گفتگو ہوتی رہی۔۔ انجمن کے اس وفد میں ڈاکٹر واصف اختر سمیت ، ہوڑہ ،پیل خانہ ،کمرہٹی اور مٹیا برج کے لوگ شامل تھے ۔۔ آخر میں صابرہ حنا کے ہدیہء تشکر سے اس محفل کا اختتام ہوا

















