*انجمن نے سرسید کو پیش کیا خراج عقیدت* *ملت اکیڈمی میں پروقار تقریب کا اہتمام، نئی نسل کو پہنچایا گیا سرسید کا پیغام*
انیسویں صدی کے عظیم مصلح قوم ، مصنف، مفکر، مفسر اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے بانی سرسید احمد خان کے یوم پیدائش کے موقعے پر ہفتہ کی سہ پہر انجمن ترقی اردو ہند،پچھم بردوان، آسنسول کے ذمہ داروں نے نئی نسل تک ان کی حیات وخدمات اور کارناموں کو پہنچانے کی غرض سے ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا اہتمام کیا۔ شمالی آسنسول ، ندی پار نزد مدرسہ تعلیم الدین میں واقع ملت اکیڈمی کے ہرے بھرے میدان میں قدرتی مناظر کے درمیان منعقدہ اس تقریب کی صدارت معروف کالم نویس اور کئی کتابوں کے خالق الحاج انجنئیر خورشید غنی نے کی اور نظامت کی ذمہ داری ماسٹر امتیاز احمد انصاری بحسن وخوبی انجام دئیے۔ تقریب میں موجود عیدگاہ والی مسجد کے امام وخطیب مفتی (ڈاکٹر) تبارک حسین قاسمی، آر کے مشن پرولیا کے شعبہ تاریخ کے استاد ڈاکٹر محمد انوار الحق،مدرسہ حسینیہ کے مدرس مولانا احسان الحق مظاہری، مسجد عثمان کے امام وخطیب مولانا محمد سراج، حاجی قدم رسول ہائی اسکول کے سنئیر معلم محمد علی انصاری، شکشا بندھو محمد مختار عالم، انجمن کے سکریٹری ماسٹر محمد سلیمان، جوائنٹ سیکرٹری محمد سجاد حسین،محمد وقار ہٹلر،آسنسول ٹاؤن نیتاجی ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے سکریٹری خالد پرویز،اسکول کے ہیڈماسٹر محمد اخلاق، انچارج محمد جسیم،محمد صلاح الدین ببلو، محمد ندیم ودیگر نے سرسید احمد خان کی حیات وخدمات کے مختلف گوشوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ان کے تعلیمی مشن کو آگے بڑھانے کی تلقین کئے کیونکہ اس عظیم شخصیت کے لئے یہی سچی خراج عقیدت ہوگی۔ تقریب کاآغاز سنٹر کی طالبہ کے تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔بعدازاں مولانا تبارک حسین قاسمی نے نعت پاک اور نازیہ پروین نے غزل پیش کیا۔ ماسٹر محمد سلیمان نے افتتاحی تقریر کے دوران تقریب کی غرض وغایت بیان کرنے کے ساتھ ملت اکیڈمی کے روح رواں اور آسنسول ٹاؤن نیتاجی ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے سکریٹری خالد پرویز اور ان کی پوری ٹیم کے تعاون کا شکریہ ادا کیا ۔الحاج انجنئیر خورشید غنی کے صدارتی خطبہ کے ساتھ تقریب کے خاتمے کا اعلان کیا گیا۔










