*آن لائن ادویات کی فروخت اور کارپوریٹ پالیسیوں کے خلاف کلٹی کے دوا فروش متحد,20 مئی کی ملک گیر ہڑتال کی تیاری تیز*
بنگال کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن (بی سی ڈی اے) آسنسول زون کی جانب سے کلٹی علاقے میں دوا فروشوں کی ایک اہم تنظیمی میٹنگ منعقد کی گئی، جس میں آن لائن ادویات کی غیر قانونی فروخت اور کارپوریٹ کمپنیوں کی جارحانہ ڈسکاؤنٹ پالیسیوں کے خلاف حکمت عملی تیار کی گئی۔ میٹنگ کے دوران ایسوسی ایشن کے صدر سوتم بنرجی، نائب صدر شنکر شرما اور تنظیمی سیکریٹری امیتابھ رائے کا پُرتپاک استقبال اور اعزاز کیا گیا۔ اجلاس میں کلٹی علاقے کے سیکڑوں دوا فروش شریک ہوئے، جنہوں نے موجودہ بازار کی صورتحال اور بڑھتے ہوئے چیلنجز پر اپنی تشویش ظاہر کی۔ اجلاس میں خاص طور پر آئندہ 20 مئی کو مجوزہ ’’آل انڈیا کیمسٹ اسٹرائیک‘‘ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ مقررین نے کہا کہ آن لائن فارمیسیوں اور بڑے کارپوریٹ اداروں کی غلط تجارتی پالیسیوں کے باعث چھوٹے اور ریٹیل دوا فروشوں کا وجود خطرے میں پڑ گیا ہے۔ ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لیے کلٹی کے تمام دوا فروشوں نے متحد ہوکر جدوجہد کا عزم ظاہر کیا۔
اس موقعے پر چند اہم نکات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جن میں بغیر مناسب نگرانی کے آن لائن ادویات کی فروخت سے صحت عامہ کو خطرات لاحق،
کارپوریٹ کمپنیوں کے بھاری ڈسکاؤنٹ کے خلاف مشترکہ حکمت عملی تیار کرنے پر زور،
دوا فروشوں کی یکجہتی کو مزید مضبوط بنانے اور تحریک کو تیز کرنے کا اعلان شامل ہیں۔ ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت اور انتظامیہ نے ان کے مطالبات پر توجہ نہ دی تو آئندہ دنوں میں احتجاجی تحریک مزید شدت اختیار کرسکتی ہے۔










