*خلیل منزل میں سجی جشن ولادت اور الوداعیہ کی مشترکہ تقریب* شمالی آسنسول کا معروف ادبی ادارہ “حلقہ اردو ادب” بدھ کی شام ایک اور تقریب کا گواہ بنا جب قریشی محلہ کی خلیل منزل میں آسنسول کی دو بڑی شخصیتوں کے تعلق سے ایک مشترکہ تقریب کا اہتمام کیاگیا۔ادارہ کے روح رواں اور میزبان خورشید ادیب نے بتایا کہ آسنسول کارپوریشن کے ڈپٹی مئیر،انمول ویلفیئر سوسائٹی کے روح رواں اور ادب نواز شخصیت سید وسیم الحق کی یوم پیدائش کےجشن کے سلسلے یہ تقریب سجائی گئی جس میں آسنسول رحمانیہ ہائی اسکول کے ریاضیات کے سنئیر معلم اور صحافی وجیہہ الدین جمال کی ملازمت کی سبکدوشی پر انہیں بھی ادارہ کی جانب سے الوداعیہ دیا گیا۔تقریب کی صدارت کالم نویس،آدھے درجن کتابوں کے خالق اور مغربی بنگال اردو اکاڈمی کے سابق رکن الحاج انجنئیر خورشید غنی نے کی جبکہ نظامت کے فرائض امتیاز احمد انصاری بحسن وخوبی انجام دئیے۔ اس سادہ مگر پروقار تقریب میں سب سے پہلے ڈپٹی مئیر سید وسیم الحق کو میزبان خورشید ادیب کے ذریعہ عربی رومال،ٹوپی،عطر کا نذرانہ پیش کیاگیا۔بعدازاں وسیم الحق نے اپنے ہاتھوں سے کیک کاٹ کر سبھوں کا منھ میٹھا کرایا۔صدر مجلس انجنئیر خورشید غنی اور ڈاکٹر محمد انوار الحق نے اس خوشی کے موقعے پر وسیم الحق کو تحائف پیش کئے۔اسی کے ساتھ وجیہہ الدین جمال کو ادارہ کی جانب سے شانہ زیب پیش کیا گیا جبکہ ماسٹر عبدالفتح،سید وحیدالدین،ماسٹر آصف سعید اور محمد ثاقب نے بھی اپنی جانب سے محبتوں کا نذرانہ وجیہہ الدین کی خدمت میں پیش کیا۔موقع پر موجود آسنسول بی بی کالج کے صدر شعبہ اردو اور مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے فاصلاتی کورس کے آسنسول کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر مشکور معینی،معروف شاعر اور مشاعروں کی دنیا کے جانے پہچانے ناظم خالق ادیب، آر کے مشن پرولیا کے شعبہ تاریخ کے انچارج ڈاکٹر محمد انوار الحق، ادب نواز شخصیت اشرف عالم قادری،میزبان خورشید ادیب،ناظم امتیاز احمد انصاری اور صدر مجلس انجنئیر خورشید غنی نے سید وسیم الحق اور وجیہہ الدین جمال کے تعلق سے اپنے احساسات اور جذبات کا اظہار کیا اور مبارک باد پیش کرتے ہوئے دونوں کی انفرادی خوبیوں کے مختلف گوشے اجاگر کیا۔ سبھوں نے ان دونوں کو صحت وعافیت کےساتھ زندگی گذارنے کی دعائیں دئیے ۔موقعے پر سید وسیم الحق اور وجیہہ الدین جمال نے شرکاء بزم اور میزبان کی محبتوں کا شکریہ ادا کیا۔پروگرام کے گواہ بننے والوں میں انجنئیر قتیل احمد،ڈاکٹر نسیم انصاری،محمد پرویز اور محمد ندیم کے نام قابل ذکر ہیں۔








