سالان پور تھانہ علاقے کے پھولبیڑیا ہنومان مندر کے قریب بدھ کی صبح ایک دردناک سڑک حادثے میں ایک سائیکل سوار کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ حادثے کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی اور مقامی باشندوں نے معاوضے کے مطالبے پر احتجاج شروع کردیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق متوفی کی شناخت 35 سالہ منگل باؤری کے طور پر ہوئی ہے، جو اصل میں جیماری گاؤں کے رہنے والے تھے اور حالیہ دنوں میں پھولبیڑیا گاؤں میں گھر داماد کی حیثیت سے مقیم تھے۔ ان کے پسماندگان میں اہلیہ اور دو بچے شامل ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ منگل باؤری روز کی طرح بدھ کی صبح بھی سائیکل پر ایک نجی فیکٹری میں کام کے لیے جا رہے تھے۔ راستے میں سائیکل خراب ہوجانے کے بعد وہ واپس گھر لوٹ رہے تھے کہ اسی دوران پھولبیڑیا ہنومان مندر کے قریب ایک تیز رفتار ای سی ایل ہائیڈرا گاڑی (نمبر WB 38AS5568) نے انہیں زور دار ٹکر مار دی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ واقعے کے فوراً بعد گاڑی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ مشتعل ہوگئے اور ہائیڈرا گاڑی کو روک کر لاش کے ساتھ سڑک پر احتجاج شروع کردیا۔ اطلاع پر سالان پور تھانے کی پولیس اور مرکزی فورس موقع پر پہنچی، تاہم مظاہرین اپنے مطالبات پر قائم رہے۔ احتجاجیوں کا کہنا تھا کہ جب تک متوفی کے اہل خانہ کو مناسب معاوضہ نہیں دیا جاتا، لاش کو وہاں سے نہیں اٹھانے دیا جائے گا۔
مقامی باشندوں نے الزام لگایا کہ کولیئری علاقوں میں ای سی ایل انتظامیہ کی لاپروائی کے سبب آئے دن حادثات پیش آرہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھاری گاڑیوں کی تیز رفتاری اور حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی کے باعث بے قصور لوگ اپنی جانیں گنوا رہے ہیں۔ لوگوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اکثر ڈمپر اور بھاری گاڑیاں تربیت یافتہ ڈرائیوروں کے بجائے خلاصی چلاتے ہیں، جس کے نتیجے میں اس طرح کے المناک حادثات رونما ہوتے ہیں۔
اس معاملے میں ای سی ایل حکام سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم خبر لکھے جانے تک ان کی جانب سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا تھا۔ آخری اطلاعات تک علاقے میں کشیدگی برقرار تھی اور پولیس فورس حالات کو قابو میں کرنے میں مصروف تھی۔










