آسنسول کے بھگت سنگھ موڑ سے سین ریلے روڈ جانے والے راستے پر واقع ریلوے برج میں بالو سے لدے ایک ٹرک کے ٹکرا جانے سے علاقے میں آمد و رفت بری طرح متاثر ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق یہ ٹرک دامودر ندی کے گھاٹ سے غیر قانونی طور پر بالو لے کر اسی راستے سے گزر رہا تھا۔ اسی دوران ڈرائیور کی لاپروائی کے باعث ٹرک بے قابو ہو کر ریلوے برج سے ٹکرا گیا۔
اطلاعات کے مطابق مختلف گھاٹوں سے مسلسل بالو کی غیر قانونی اسمگلنگ جاری ہے اور یہ ٹرک بھگت سنگھ موڑ سے ہوتے ہوئے سین ریلے روڈ، پھر جبلی موڑ کے راستے قومی شاہراہ کی طرف جا رہے ہیں۔ اس واقعے کے بعد مقامی لوگوں میں شدید ناراضگی دیکھی گئی۔
علاقہ کے مکینوں کا کہنا ہے کہ لاپرواہی سے چلائے جانے والے بالو سے لدے ٹرک پہلے بھی کئی حادثات کا سبب بن چکے ہیں۔ اس مسئلے کو لے کر ماضی میں حکمراں جماعت اور اپوزیشن دونوں کی جانب سے احتجاجی تحریکیں بھی چلائی جا چکی ہیں۔
ایک بار پھر اس علاقے میں بالو اسمگلنگ کے سرگرم ہونے سے ایسے حادثات سامنے آ رہے ہیں، جس کا خمیازہ عام شہریوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ عوام نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی بالو کی اسمگلنگ پر فوری روک لگائی جائے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔










