پُورب بَردوان کے بُدبُد تھانے کے تحت آنے والے مارو گاؤں کی سڑک سے اتوار کی رات ایک خاتون کی گلا کٹی لاش برآمد ہونے پر علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ پولیس نے اس سلسلے میں ہارو باگدی نامی ایک نوجوان کو گرفتار کیا ہے، جس کا تعلق بُدبُد کے قصبہ علاقے سے بتایا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق مقتولہ جوتسنا باگدی کے شوہر کا چند برس قبل انتقال ہو گیا تھا اور وہ اپنے دو بچوں کے ساتھ اکیلی رہتی تھیں۔ ان کا میکہ بھی بُدبُد کے قصبہ گاؤں میں ہے، جہاں ہارو باگدی سے ان کے تعلقات قائم ہوئے تھے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ اتوار کو دونوں کسی ہوٹل میں کچھ وقت گزارنے کے بعد رات کو ٹوٹو رکشہ کے ذریعے واپس لوٹ رہے تھے۔ راستے میں دونوں کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہو گیا۔ مارو گاؤں کے قریب پہنچ کر دونوں ٹوٹو سے اتر گئے، جہاں کشیدگی بڑھنے پر ہارو باگدی نے مبینہ طور پر تیز دھار ہتھیار سے جوتسنا کے گلے پر وار کر دیا، جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور خون میں لت پت لاش کو اپنی تحویل میں لیا۔ پیر کو پوسٹ مارٹم کے لیے لاش کو آسنسول ضلع اسپتال بھیجا گیا۔ ابتدائی تفتیش کے بعد پولیس نے ملزم ہارو باگدی کو گرفتار کر لیا۔ منگل کو اسے دُرگا پور سب ڈویژنل عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے اسے سات دن کی پولیس حراست میں بھیجنے کے احکامات صادر کیے گئے۔
پولیس ملزم سے پوچھ گچھ کر کے یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ قتل کے پیچھے اصل محرک کیا تھا اور آیا اس میں کوئی اور بھی شامل تھا یا نہیں۔








