*کارپوریشن کےسائن بورڈ پر اردو کو دوبارہ جگہ دینے کے مطالبے پر* *انجمن ترقی اردو ہند کی ضلعی کمیٹی نے کمشنر کو سونپا عرضداشت*
آسنسول میونسپل کارپوریشن کی عمارت کی پیشانی پر واقع کارپوریشن کے سائن بورڈ پرایک زمانے سے بنگلہ،ہندی اور انگریزی کے علاؤہ اردو کو بھی جگہ دی گئی تھی۔مگر گُذشتہ دنوں اچانک اس بورڈ کو ہٹاکر نئےرنگ کا نیا بورڈ لگایا گیااور حیرت انگیز طور پر اس نئے بورڈ سے اردو حذف کردی گئی۔اس خبر کے منظر عام پر آتے ہی پوری اردو آبادی میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی۔کارپوریشن کے سائن بورڈ سے اردو کے ہٹائے جانے کو لسانی تعصب کی بو محسوس کی جانے لگی۔سوشل میڈیا پر زوردار بحث شروع ہوگئی ۔مرکز علم وادب نامی ایک نوزائیدہ تنظیم نے سب سے پہلے اردو کو دوبارہ شامل کئے جانے کا تحریری مطالبہ کارپوریشن انتظامیہ سے کیا۔اب انجمن ترقی اردو ہند ضلع پچھم بردوان ، آسنسول نے بھی اسی مطالبے کی حمایت میں نہ صرف آواز اٹھائی بلکہ انجمن کے جنرل سکریٹری ماسٹر محمد سلیمان کی قیادت میں انجمن کی ایک وفد نے کارپوریشن کے کمشنر کو عرضداشت سونپا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ماسٹر محمد سلیمان نے کہا کہ ایک زمانے سے آسنسول کارپوریشن کے سائن بورڈ پر دیگر زبانوں کے ساتھ اردو کو بھی جگہ دی گئی تھی مگر اب اچانک کارپوریشن کےتحلیل شدہ بورڈ انتظامیہ نے سائن بورڈ سے اردو ہٹاکر اردو دشمنی کا ثبوت پیش کیا ہے ۔انجمن اس سائن بورڈ پر دربارہ اردو شامل کئے جانے کا پرزور مطالبہ کرتی ہے۔موصوف نے آسنسول کارپوریشن علاقے کے اہل علم وادب اور دیگر علمی وادبی تنظیموں کے ذمہ داران سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مطالبے کی حمایت میں سامنے آئیں اورزیادہ سے زیادہ عرضداشت پیش کرکے کارپوریشن انتظامیہ کو اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنے پر مجبور کریں۔








