برن پور: محرم کے پرامن اور نظم و ضبط کے ساتھ انعقاد کو یقینی بنانے کے مقصد سے ہیراپور تھانہ کی جانب سے اسٹیشن روڈ واقع ایک نجی میرج ہال میں پیس کمیٹی کی ایک اہم میٹنگ منعقد کی گئی۔
اس میٹنگ میں پولیس افسران نے مختلف محرم اکھاڑہ کمیٹیوں کے نمائندوں سے گفتگو کی اور انہیں انتظامیہ کی جانب سے جاری رہنما ہدایات سے آگاہ کیا۔ ساتھ ہی تمام کمیٹیوں سے اپیل کی گئی کہ وہ طے شدہ راستے پر ہی جلوس نکالیں اور پروگرام کو پرامن طریقے سے مکمل کریں۔
اس موقع پر اے سی پی اِپشیتا دتّہ نے پیغام دیا کہ تمام کمیٹیاں انتظامیہ سے تعاون کریں اور ہدایات پر سختی سے عمل کریں تاکہ علاقے میں امن و امان برقرار رہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم ایک مذہبی تہوار ہے جسے آپسی بھائی چارے اور پرامن ماحول میں منانا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
سی آئی اشوک سنگھ مہاپاترا اور ہیراپور تھانہ انچارج نے بھی تمام کمیٹیوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے والنٹیئرز کی فہرست پہلے سے تیار رکھیں، اور جلوس کے وقت نظم و ضبط برقرار رکھنے میں مقامی پولیس کا بھرپور تعاون کریں۔
میٹنگ میں مختلف محرم اکھاڑہ کمیٹیوں کے نمائندوں کے علاوہ متعدد عوامی نمائندے بھی موجود تھے جنہوں نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اجلاس میں اے سی پی اِپشیتا دتّہ، سی آئی اشوک مہاپاترا، تھانہ انچارج تنمے رائے، پولیس افسران، پرابیر دھر، کونسلروں میں اشوک ردرا، کہکشاں ریاض ، گرمیت سنگھ، بورو چیئرمین شیبا نند باؤری سمیت کئی دیگر افسران و کمیٹی اراکین موجود رہے۔
انتظامیہ کی اس پہل کو علاقے کے لوگوں نے سراہا اور امن و امان کے قیام کے لیے سبھی کمیٹیوں نے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔





















