کوئلہ تسکری معاملہ میں سی بی آئی اور ای ڈی کی تفتیش ابھی چل ہی رہی ہے کہ ایک نئے معاملہ نے انتظامیہ کے ہوش اڑا دیے ہیں۔دودھ کنٹینر کے بعد اب پھل کنٹینر میں غیر قانونی طریقے سے کوئلہ لے جاتے ہوئے پولس نے پکڑا ہے۔واقعہ جموڑیا تھانہ کا ہے۔جموڑیا تھانہ پولس نے چیکنگ کے دوران کنٹینر کو ضبط کرلیا ہے۔معاملہ میں پولس نے 2لوگوں کو گرفتار بھی کیا ہے۔پولس ذرائع کے مطابق گزشتہ رات جموڑیا سے رانی گنج جانے والی سڑک پر بیج پور سے متصل نہر کی چیکنگ کی جارہی تھی۔چیکنگ کے دوران پولس نے ایک فوڈ ٹرک کو روک کر اسکی تلاشی لی۔کنٹینر کا دروازہ جب کھولا گیا تو پولس یہ دیکھ کر حیرت میں پڑ گئی کہ کنٹینر میں پھل کی جگہ بوری میں غیر قانونی کوئلہ بھرا ہے۔معاملہ میں پولس نے کولکاتا کے رہنے والے سورج کمار داس اور جموڑیا کے بوگرا علاقہ کا تارک منڈل نامی دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔جموڑیا تھانہ پولس نے دونوں کو کنٹینر کے ساتھ گرفتار کرلیا۔سنیچر کے دن انہیں آسنسول ضلع عدالت میں پیش کیا گیا۔واضح ہوکہ فوڈ ڈلیوری وین ہگلی کی تمنا فوڈس پروڈکٹس پرائیوٹ لمیٹیڈ کی ہے۔














