*مدرسہ دارالرشاد بنکی بارہ بنکی میں تعلیمی افتتاحی اجلاس کا انعقاد*
بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری)مشرقی یوپی کے مشہور و معروف اور ممتاز دینی ادارہ مدرسہ دارالرشاد بنکی بارہ بنکی میں نئے تعلیمی سال (48-1447) کے آغاز کے موقع پر ایک تعلیمی افتتاحی اجلاس مدرسہ ہذا کے صدر مہتمم حضرت مولانا سید اشہد رشیدی مد ظلہ العالی (مہتمم مدرسہ شاہی مرادآباد و صدرجمعیۃ علماء اترپردیش) کی سرپرستی اور مدرسہ ہذا کے ناظم و کارگذار صدر جمعیۃ علماء ضلع بارہ بنکی مولانا محمد حذیفہ قاسمی کانپوری کی صدارت میں منعقد ہوا۔
اجلاس کی نظامت کے فرائض مفتی آفتاب عالم قاسمی سیتاپوری استاذ مدرسہ ہذا نے انجام دیے۔ پروگرام کا آغاز حافظ حکیم الدین متعلم مدرسہ ہذا کی تلاوت کلام پاک سے ہوا اور متعلم محمد حسنین نے آپ ﷺ کی شان میں نذرانۂ عقیدت و محبت پیش کیا۔
مدرسہ ہذا کے استاذ مولانا محمد شعیب قاسمی سیتاپوری نے اکابر و اسلاف کے واقعات کی روشنی میں محنت اور لگن کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے پر زور دیا۔ قاری فیض الہدی فیضی استاذ مدرسہ ہذا نے اپنے بیان میں تعلیم کی اہمیت و افادیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کی وجہ سے انسان کو تمام مخلوقات میں اشرف المخلوقات بنایا گیاہے۔
مدرسہ کے استاذ و ناظم دارالاقامہ مولانا محمد اسلم قاسمی نے طلبہ کے سامنے دارالاقامہ کے قوانین و ضوابط اورنظام الاوقات پیش کیے۔
اخیر میں صدرِ جلسہ مولانا محمد حذیفہ قاسمی (ناظم مدرسہ ہذا) نے اپنے خصوصی خطاب میں طلبۂ عزیز کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا کہ طلبہ کا گناہوں سے بالکلیہ اجتناب نہایت ہی ضروری ہے اور موجودہ زمانے میں ملٹی میڈیا موبائل کے نقصانات سے آگاہ کرتے ہوۓ فرمایا کہ طلبہ کے لیے حصولِ تعلیم میں سب سے زیادہ نقصان دہ چیز موبائل کا غلط استعمال ہے نیز موبائل کے استعمال پر پابندی عائد کرتے ہوئے فرمایا کہ طلبۂ عزیز اپنے اسلاف و اکابر کے طرز و نہج پر چلتے ہوئے خود کو سخت محنت کے لیے تیار کریں اور لایعنی مشغولیات اور غفلت والی زندگی سے مکمل بچنے کا عزم کریں۔ آخر میں ناظم کی دعا پر اجلاس کا اختتام ہوا۔
اجلاس میں مدرسہ ہذا کے جملہ اساتذہ و طلبا نے شرکت کی۔ یہ اطلاع مفتی آفتاب عالم قاسمی نے دی۔










